کراچی ، 08جنوری(اے پی پی ):وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے پورٹ قاسم میں قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل، پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل اور مارشلنگ یارڈ پپری کا دور ہ کیا ۔
وفاقی وزیر کو قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل میں ٹرمینل متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، قاسم انٹرنیشنل ٹرمینل دبئی پورٹ ورلڈ کے ماتحت کام کرتا ہے جو کہ دنیا کی ایک مشہور پورٹ آپریشن کمپنی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ریلوے کی فریٹ سروس میں واضح اور معنی خیز اضافہ کیا جائے اور یہ ان کے دور کا اصل ہدف ہوگا، انہوں نے کہا کہ معیشت کی کامیابی کی ضمانت فریٹ سروس کی ترقی میں ہے۔
اس موقع پر سی ای او ریلوے نثار میمن نے کہا کہ ریلوے دبئی پورٹ ورلڈ کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کرتی ہے اور دبئی پورٹ ورلڈ کو ایک کنٹینر ٹرمینل تیار کرنے کے لیئے بھی کہا ہے۔
بعد ازاں وزیر ریلوے نے پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل کا بھی دورہ کیا جہاں درآمدی کوئلے کی ان لوڈنگ کی جاتی ہے،وزیر ریلوے کو وہاں پر بھی تفصیلی آگاہی دی گئی، انہوں نے کہا کہ ریلوے، معیشت اور فریٹ سروس آپس میں اس طرح سے جڑے ہوئے ہیں کہ کسی ایک میں خراب کارکردگی سے دوسرے دو میں کامیابی نہیں حاصل کی جاسکتی۔
وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے مارشلنگ یارڈ پپری کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں سی ای او ریلوے نے تفصیلات سے آگاہ کیا، جہاں وزیر ریلوے نے مارشلنگ یارڈ پپری میں ایک پودہ بھی لگایا۔











