کمشنر ڈیرہ غازی خان  کا یادگار کلب اور ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفرگڑہ میں قائم  پناہ گاہوں کا اچانک معائنہ

76

مظفرگڑہ، 5جنوری(اے پی پی):کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے ضلعی انتظامیہ مظفرگڑہ کو پناہ گاہوں میں کھانے کا کمرہ علیحدہ بنانے،صفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور وہاں رہائش پزیر افراد کو اچھا کھانا فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پناہ گاہوں کا اچانک معائنہ کرنے کےلئے آتے رہیں گے۔

 کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے گزشتہ شب ڈپٹی کمشنر مظفرگڑہ امجد شعیب ترین کے ہمراہ یادگار کلب اور ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفرگڑہ میں قائم کی گئی پناہ گاہوں کا اچانک معائنہ کیا۔انہوں نے یادگار کلب پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ رات کا کھانا بھی کھایا۔

 ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر انہیں بتایا کہ یاد گار کلب پناہ گاہ میں 6 افراد مقیم ہیں جبکہ پناہ گاہ میں 10 افراد کے قیام کی گنجائش ہے اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کی پناہ گاہ میں 8 افراد مقیم ہیں۔

 انہیں بتایا گیا کہ پناہ گاہ میں مقیم افراد کے لواحقین ڈی ایچ کیو ہسپتال میں داخل ہیں۔ کمشنر ارشاد احمد نے کہا کہ جب تک پناہ گاہ میں مقیم افراد کے لواحقین ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں وہ پناہ گاہ میں قیام رکھ سکتے ہیں۔

 اس موقع پر کمشنر نےتمام مقیم افراد کو اچھا کھانا فراہم کرنے،کھانے کی جگہ علیحدہ بنانے اور صفائی کا نظام بہتر بنانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ وہ وقتاً فوقتاً بغیر پیشگی اطلاع کے پناہ گاہوں کے اچانک معائنے کرتے رہیں گے۔