کمسن حذیفہ کی بازیابی،  ٹانک کی عوام کا  پولیس کو خراج تحسین

95

پشاور، 26جنوری(اے پی پی):  ٹانک کے گاؤں گرہ کوڑو خان سے20 جنوری کو اغواء کئے جانے والے 7 سالہ حذیفہ کو ٹانک پولیس نے پنجاب کے ضلع بھکر کے نواحی علاقہ منکیرہ کے جنگل سے ایک خفیہ آپریشن کے ذریعے بازیاب کرایا۔

 پولیس کی جانب سے جدید طریقوں سے ملزمان کو ٹریس کرنے کی کوشش کی گئی اور بلاخر 5 روز بعد حذیفہ کو ایک ویران جنگل سے اغواء کاروں کی چنگل سے بازیاب کرالیا گیا ۔

حذیفہ کی بازیابی پر ٹانک کی عوام نے ٹاؤں ہال میں جمع ہو کر پولیس کے حق میں ریلی نکالی، ریلی کے شرکاء نے دامان چوک پہنچ کر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سجاد احمد صاحبزادہ، ڈی ایس پی اقبال بلوچ اور ایس ایچ او نصیب الرحمان کو ہار پہنائے۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جس پر ٹانک پولیس زندہ باد کے نعرے  درج تھے ۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حذیفہ کیس میں کامیابی پر ٹانک پولیس کو خراج تحسین پیش کیا، اس دوران ریلی کے شرکاء ٹانک پریس کلب اور ٹانک پولیس زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے  جبکہ بعد میں ریلی کے شرکاء سے ڈسٹرکٹ پریس کلب ٹانک کے سامنے ڈی پی اور ڈی ایس پی نے بھی خطاب کیا۔