کراچی،25 جنوری (اے پی پی ):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تھیلیسیمیا فری پاکستان مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
پیر کو یہاں میڈیا سے بات کرتے ہو ئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کم و بیش نو ہزار بچے تھیلیسیمیا کا شکار ہیں یہ ایک موروثی بیماری ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ شادی سے قبل دولہا یا دلہن کا تھیلیسیمیا ٹیسٹ یقینی بنایا جائے، اس کے لیے انڈس ہاسپیٹل کے ساتھ ملکر ہم تھیلیسیمیا فری پاکستان مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔
عمران اسماعیل نے بتایا کہ یہ ٹیسٹ کروانے سے ہم آنے والی نسلوں کو صحت مند زندگی مہیا کر سکیں گے جبکہ ٹیسٹ کروانا کوئی معیوب بات نہیں ہے۔ اس مہم کو ہم سندھ سمیت پاکستان بھر کے شہروں اور دیہاتوں تک لیکر جائیں گے۔
بعد ازاں ارکان اسمبلی و سماجی شخصیات نے خون کے عطیات بھی دیے۔