یکم فروری سے ملک بھر کی یونیورسٹیز ، پرائمری اور مڈل سکول کھول دیئے جائیں گے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر  کے اجلاس میں فیصلہ

82

اسلام آباد۔27جنوری  (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں یونیورسٹیوں کو یکم فروری2021 سے کھول دیا جائے گا ۔ کورونا ویکسین کے لئے ملک بھر میں مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ کوویڈ 19ویکسین لگانے کے لئے عملے کی تربیت و دیگر انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں این سی اوسی کے نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے علاوہ وفاقی اکائیوں کے تمام چیف سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کے علاوہ کورونا ویکسین کے حوالے سے انتظامی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم فروری سے ملک بھر کی یونیورسٹیز کے ساتھ پرائمری اور مڈل سکول کھول دیئے جائیں گے۔ ملک کے چار بڑے شہروں کے تعلیمی اداروں جس میں کراچی، حیدر آباد، لاہور اور پشاور شامل ہیں، کے طلباء50 فیصد کے حساب سے متبادل حکمت عملی کے تحت حاضر ہوں گے۔ این سی او سی نے کورونا کے حوالہ سے زیادہ شرح کے حامل شہری مراکز میں سخت ایس او پیز کے ساتھ ہفتے میں تین دن کلاسز کی اجازت کے ساتھ اداروں کو کھولنے کی اجازت دی تھی۔ این سی اوسی میٹنگ کے شرکاءکو بتایا گیا کہ عالمی سطح پر تعلیمی اداروں کو کھولنے سے کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ نوٹ کیا گیا تاہم محتاط حکمت عملی کے ذریعے اس معاملے پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔ کورونا ویکسن کے لئے ملک بھر میں مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ کوویڈ۔19 ویکسین لگانے کے لئے عملے کی تربیت و دیگر انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں۔