رحیم یار خان ؛مقبوضہ کشمیر میں محصور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی  کیلئے  ریلی کا  انعقاد

107

 

رحیم یار خان،05  فروری(اے پی پی):مقبوضہ کشمیر میں محصور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے نکالی گئی جس کی قیادت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد سرفراز نے کی جبکہ ریلی میں ڈپٹی کمشنر علی شہزا دکی نمائندگی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر نے کی۔

ریلی کے شرکاءمیں پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری فاروق وڑائچ، چوہدری نعیم شفیق، اسسٹنٹ کمشنر سرمدعلی بھاگت ، ریاست علی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اشفاق احمد خان، سردار حسن نواز خان نیازی، ممبر ڈویژنل امن کمیٹی ریاض نوری، ڈاکٹر ماجد خان سمیت ضلعی افسر ان، سول سوسائٹی اور شہریوں نے شرکت کی۔

ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شرو ع ہو کر سٹی سنٹر پر اختتام پذیر ہوئی ، ریلی کے آغاز پر 1منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔شرکاءریلی نے کشمیری جھنڈے،یکجہتی بینرز اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم اجاگر کرنے کے لئے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

ڈی پی او اسد سرفراز نے ریلی کے اختتام پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پور ی قوم یوم یکجہتی کشمیر کو اس عزم سے منا رہی ہے کہ کشمیریوں کی آزادی تک ان کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے ، کشمیری عوام نے اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کی ہے اس دلیرانہ جدوجہد آزادی کی مثال نہیں ملتی جلد ظلم کی سیاہ رات کا خاتمہ ہوگا اور کشمیری آزاد فضاﺅں میں سانس لے سکیں گے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)شیخ محمد طاہر نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورآزادی تک رہے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ بھار ت کے روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے غیر متزلزل عزم اور بلند حوصلے کو سلام پیش کیا اور کہا کہ5فروری عالمی برادری کو یاد دہانی کراتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار داد کی روشنی میں کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

پی ٹی آئی رہنما چوہدری فاروق وڑائچ، چوہدری نعیم شفیق، حسن نواز خان نیازی و دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی کال پر پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد ان سے بھرپور اظہار یکجہتی اور کشمیریوں کی آزادی تک ان کی ہر سطح پر حمایت جار ی رکھنے کا عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے عملی طور پر کوشاں ہیں۔

ریلی کے اختتام پر کشمیرکی آزادی ،پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کی خصوصی دعا کی گئی۔