مصر کی معروف کمپنی ال سویدی الیکٹرک کے صدر اور سی ای او احمد السویدی کی وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات

130

قاہرہ، 16 فروری ( اےپی پی): توانائی کے شعبے میں مصر کی معروف کمپنی ال سویدی الیکٹرک کے صدر اور سی ای او احمد السویدی نے وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔احمد السویدی نے وزیر خارجہ کو اپنی کمپنی کے حجم، کمپنی کی مصنوعات اور مختلف ممالک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستانی حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کی بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی سطح پر کاروبار میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پاکستان کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے جو عالمی برادری کی جانب سے ہماری مثبت پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔پاکستان ایک بہت ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے ہماری حکومت کی مثبت پالیسیوں کے سبب دنیا بھر میں موثر کاروباری کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارت خارجہ معاشی سفارت کاری کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستانی مارکیٹ کو متعارف کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔السویدی کمپنی کے سی ای او احمد السویدی نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان کے معاشی سفارت کاری کے اقدام کو سراہا اور السویدی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کا عندیہ دیا۔