ادارہ فراہمی و نکاسی آب ملتان کے حوالے سے درخواستیں مطلوب ہیں کے عنوان سے شائع اشتہا ر ، جعلی قرار

98

ملتان، 08 فروری ( اےپی پی):  واسا ترجمان کے مطابق (28) جنوری 2021کو ملتان کے ایک روزنامہ میں ادارہ فراہمی و نکاسی آب (ملتان ترقیاتی ادارہ) ملتان کے حوالے سے درخواستیں مطلوب ہیں کے عنوان سے ایک جعلی اشتہا ر شائع کیا گیا ہے جوکہ ڈائریکٹر ایڈمن واسا شمس آباد کالونی ملتان کی جانب سے مشتہرہے اشتہار میں (1) سے (16) سکیل تک کی (370) مختلف اسامیوں پر بھرتی کے لئے (26) فروری 2021تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں اس اشتہار کا ادارہ واسا سے کسی بھی قسم کا تعلق نہیں ہے کیونکہ ادارہ نے ایسی بھرتیوں سے متعلق اخبارات کو کوئی اشتہار جاری ہی نہیں کیا ہے ۔ ادارہ کو تو اشتہار کی اشاعت کے بعد شہریوں کی جانب سے خالی اسامیوں پر بھرتی کیے جانے کی معلومات حاصل کرنے پر پتہ چلا ہے کہ واسا میں بھرتیوں سے متعلق کوئی اشتہار شائع ہو چکا ہے۔

ادارہ اس اشتہار کی سختی سے تردید کرتا ہے اخبار انتظامیہ نے بھی اس جعلی اشتہار کو مشتہرکرکے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے واسا حکام نے جعلی اشتہار شائع کرنے والے افراد سے متعلق معلومات بھی اخبار انتظامیہ سے طلب کر لی ہیں جبکہ ادارہ اس غفلت اور غیر ذمہ داری  پر اخبار کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا حق بھی محفوظ رکھتا ہے۔