اسلام آباد ، 16 فروری (اے پی پی ): جموں و کشمیر فورم فرانس، اتحاد اسلامی جموں و کشمیر اور جے کے ایل ایف کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر مقبوضہ کشمیر میں غیر ملکی سلیکٹڈ اور جانبدار سفارتکاروں کی آمد پر اور بانڈی پورہ میں کمسن بچی کے ساتھ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں زیادتی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے کی قیادت حریت رہنما عبدالحمید لون اور سید منظور احمد شاہ نے کی۔
عبدالحمید لون نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال ہے، بھارتی حکومت انسانی حقوق کے کمیشن کو مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کی اجازت دے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کئے گئے ہیں اور اگست 2019 کے بعد کشمیر کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے ،مسئلہ کشمیر کو پس پشت نہیں ڈالا جاسکتا ہے جبکہ اقوام متحدہ کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔
حریت رہنما عبدالحمید لون نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔
مقررین میں محمد شفیع ڈار، زاہد صفی، کپٹن (ر) شہزاد منیر، مہتاب اشرف، ایڈووکیٹ بلاول چودھری، ثناءاللہ خان، عبید عباسی، دعا زبیر و دیگر شامل تھے۔