اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پاک افغان فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس

95

اسلام آباد،18فروری(اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پاک افغان فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں افغانستان کے ساتھ کاروبار کے مواقع بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کورونا کے باعث پوری دنیا کی معشیت متاثر ہوئی ہے اور روزگار کے مواقعوں میں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو روزگار مہیا کرنا ہمارے لیے چیلنج ہے،ہم چاہتے ہیں عوام کو روزگار ملے اور عوام  خوشحال ہوں۔

 اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ ہم اچھے تعلقات چاہتے ہیں،چین ہمارا بہت اچھا دوست اور پڑوسی ہے جبکہ ہم افغانستان کے ساتھ بھی اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کررہے ہیں، سی پیک سے بڑی تعداد میں روزگار ملے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ دہشتگردی نے ہمارے ملک کو نقصان پہنچایا ہے اور دہشت گردی کیخلاف جنگ سے ہماری معیشت بری طرح متاثر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی برآمدات کو وسطی ایشیاء ممالک تک لے کر جانا ہے۔

 اسپیکر  نے مزید کہا کہ حکومت افغانستان کے ساتھ کاروبار میں توسیع چاہتی ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزاد سمیت رکن قومی اسمبلی علی وزیر، شیخ یعقوب اور شاندانہ گلزار نے بھی  شرکت کی ۔