اوکاڑہ،04فروری(اے پی پی ): اوکاڑہ یونیورسٹی میں شعبہ سیاسیات اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار اور ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔
اس موقع پر اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہمیں مسئلہ کشمیر کے حل کےلیے سفارتی سطع پر ایک مربوط اور منظم کاوش کرنے کی ضرورت ہےاور اس سلسلے میں ہماری نوجوان نسل کا کردارنہایت اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ انسانی حقوق اور ثقافتی شناخت کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکسویں صدی میں جنگیں نظریات کے میدان میں لڑی جا رہی ہیں اور ہمیں اپنے نظریے کی پرچار کےلیے عالمی سطع پر اپنی ایک مضبوط شناخت بنانی ہو گی۔
شعبہ سیاسیات کے سربراہ عثمان شمیم اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی سربراہ فاخرہ شاہد سمیت اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے رکن رانا محمد شفیق خان پسروری نےسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نوجوان نسل کے سامنے مسئلہ کشمیر کی اہمیت اجاگر کی۔
سیمینار میں کئی طلباء نے تقاریر کیں اور ملی نغمے پڑھے گئے۔ سیمینار کے اختتام پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلیے یونیورسٹی میں ایک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت یونیورسٹی کے اساتذہ نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں پہ پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پہ کشمیریوں کے حق اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔