این آر او لیگ فیٹف اور سینیٹ کے شفاف الیکشن کیلئے  قانون سازی پر پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکی؛وفاقی  وزیر مراد سعید

80

اسلام آباد،28فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مرادسعید نے کہا ہے کہ این آر او لیگ کو عوام پہلے ہی مسترد کرچکے ، اب چھانگا مانگا کی سیاست پر یقین رکھنے والوں ، ضمیر فروشوں کے امیدوار اور زرداری خاندان کی سہولت کاری اور کرپشن چھپانے کے معیار پر پورا اترنے والے مشترکہ امیداور کو سینیٹ الیکشن میں ناکامی ہو گی، این آر او لیگ فیٹف پر قانون سازی اور سینیٹ کے شفاف الیکشن کے لئے قانون سازی پر پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکی اور اب اسی لئے سند یافتہ نااہل اورنیب زدہ ان کا مشترکہ امیدار ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن پر پی ڈی ایم ٹی وی ٹی وی کھیل رہی ہے میرے خیال میں میڈیا پر اس بات کو بھی زیر موضوع لانا چاہیے کہ ان کا یہ امیدوار وہی ہے جس نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے ترک خاتون اول کی طرف سے ملنے والا قیمتی ہار بھی چوری کیا تھا اور نوزشریف اور آصف علی زرداری کو بلٹ پروف گاڑیاں دینے کے بھی چرچے سب نے سن رکھے ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ اور اس سے بڑھ کر یہ کہ این آر او لیگ کا مشترکہ امیدوار وہی ہے جو سپریم کورٹ کے حکم پر سوئس حکام کو خط نہ لکھنے پر سند یافتہ نا اہل قرار پایا۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نواز شریف کی طرح سند یافتہ نا اہل رہا ہے اور ان کے اخلاقی معیار پر گفتگو ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ یہ جمہورت، جمہوری اقداراور شفافیت کی بات کیا کریں گے جن کے ضمیر بکتے بھی ہیں اور یہ ضمیر خریدتے بھی ہیں، پرچی کے ذریعے چیئر مین بننے والے اور چھانگا مانگا کی سیاست پر یقین رکھنے والے شفافیت کی کیا بات کریں گے ۔  اپوزیشن کی بے شرمی دیکھئے کہ این آر او نہیں ملا تو انھوں نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلنے کے لئے ووٹ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں صرف واحد لیڈر عمران خان ہے جو شفافیت لا سکتا ہے جو کرکٹ میں بھی غیر جانبدار ایمپائر لے کر آیا، جس نے انتخابات میں شفافیت کے لئے سب سے طویل دھرنا دیا، اور خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہوئے طویل جدوجہد کی اورجس نے الیکشن میں ووٹ فروخت کرنے پر اپنے 20 اراکین کو پارٹی سے فارغ کردیا۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ جو بھی کر لیں لیکن انہیں این آر او پھر بھی نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ کہتے ہیں کہ عبدالحفیظ شیخ ٹیکنوکریٹ ہیں میں بتانا چاہتا  ہوں کہ ٹیکنو کریٹ گالی نہیں بلکہ ٹیکنو کریٹ وہ ہوتا ہے جو اپنے شعبے کا ماہر ترین شخص ہوتا ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ یہ ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی ایکسپوز ہوئے ہیں اور ہوں گے گلگت بلتستان میں بھی یہ مسترد ہو چکے ہیں یوسف رضا این آر او لیگ کا حصہ ہے، جن کے لئے سیاست کرپشن کا نام ہے ان کے لئے یوسف رضا گیلانی امیدواراوریہ زرداری کا سہولت کار ہے اورجو سہولت کار ہوتے ہیں ان کو یہ عہدے دیتے ہیں اور یہ ان کےمعیار پر پوراترتے ہیں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انجلینا جولی سے اپنے خاندان کو ملانے کے لئے یہ خصوصی طیارے بھیج کر بلاتے رہے اور قوم کے پیسے پر عیاشی کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم پہلے  ہی کہہ چکے ہیں کہ یہ سارے ایک دن اکٹھے ہوجائیں گے اور اب سب نے یہ کھیل دیکھ لیا ہے ۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ اگر سیاست کرپشن کا نام ہے تو یہ ہمیں نہیں چاہئے کرپشن زدہ سیاست انہی کو مبارک ہو۔ان کو شکست پہلے بھی ہوئی اوراب بھی ہو گی اور بہت جلد ان کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی ۔