بچوں کی مناسب  رہنمائی کی جائے تو یہ ملک و قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں؛ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ امجد شعیب

90

مظفرگڑھ،  6فروری(اے  پی پی):ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ ہمارے بچے خداداد صلاحیتوں کے مالک ہیں اگر ان کی رہنمائی کی جائے تو یہ ملک و قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی صلاحیتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے شعبہ کی انتخاب میں ان کی رہنمائی کریں۔

یہ بات انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خورشید آباد میں وزیر اعلیٰ کے پروگرام سپر سائنسدان کے مقابلے میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سی ای او تعلیم سید کوثر حسین شاہ، ڈی ای او اکبر بخاری، ڈی ای او ایلیمنٹری ذوالفقار سہرانی، ڈی ای او فیل میل مہہ جبیں، ڈپٹی ڈی ای او منیر لغاری، ڈپٹی ڈی ای او علمدار شاہ بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کو تربیت بھی کی جائے، بچوں میں ویژن پیدا کیا جائے، بچوں کو پتا ہونا چاہئے کہ انہوں نے آگے جاکر کیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر راستہ پتہ ہوتو منزل آسان ہوجاتی ہے، بچوں کی صلاحیتوں کو چانچنے کے لئے ایک منظم نظام بنایا جائے، بچوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ ڈاکٹر، انجینئر، فوجی آفیسر، پولیس آفیسر اور انتظامی افسرکس طرح بنا جاتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ بچوں کو صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے سکاؤٹس کیمپس اور کھیلوں کے مقابلے بھی کرائے جائیں۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ارد گرد دیگر بڑے سکولوں کا بھی مشاہدہ کیا کریں اور اپنے سکولوں کو ماحول کو بہتر سے بہتر بنائیں تاکہ بچوں کے والدین سرکاری سکولوں میں فخر سے داخل کرائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اعلیٰ کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اور ہیڈ ماسٹر کو نقد انعامات بھی دئیے جائیں گے۔

 بعد ازاں ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے سیکنڈری سکول کے مقابلوں میں اول پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ اسماء سعید،گرلز سکول دائرہ دین پناہ، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ زینت عثمان، گرلز سکول موچی والا اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالے طالب علم زوہیب، بوائز سکول روہیلانوالی جبکہ ایلیمنٹڑی سکول کے مقابلوں میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم محمد حسن، بوائز سکول گبر آرائیں، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ روبہ عائشہ، گرلز سکول دائرہ دین پناہ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالی طالبہ شانزہ ندیم، گرلز سکول 63Bٹی ڈی اے میں انعامات تقسیم کئے۔