ملتان، 13 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سید شفقت رضا نے کہا ہے کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے مارچ میں جشن بہاراں بھر پور انداز سے منانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ جشن بہاراں میں حصہ لینے کی خواہش مند کمپنیاں اور ادارے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ سے رابطہ کر سکتی ہیں۔نجی کمپنیوں کا تعاون حاصل کرنے کے لیئے اخبار میں اشتہار دے دیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان سید شفقت رضا نے ہارٹیکلچر آفسران سے ملاقات کے موقع پر کیا۔اس موقع پر چیئر مین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ بھی موجود تھے۔
ڈی جی پی ایچ اےسید شفقت رضا نے مزید کہا کہ اس بار جشن بہاراں کو منفرد انداز سے منائیں گے۔ فیملیز کیلئے بھرپور تفریح کا سامان کریں گے۔ پھولوں کی نمائش کے ساتھ ساتھ تفریح کا دیگر سامان بھی کریں گے۔
سید شفقت رضا نے مزید کہا کہ پی ایچ اے کی زیر انتظام نرسریز میں پھولوں کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے۔ پھولوں کی پنیریوں کی دیکھ بھال کیلئے مالی دن رات محنت کر رہے ہیں۔ اس مارچ عوام الناس کو بھر پور تفریح کے موقع فراہم کریں گے۔ پھولوں کو چوکوں اور گرین بیلٹ پر سجائیں گے۔
چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ اس سال ہونے والا جشن بہاراں منفرد ہوگا۔ شہریوں کو تفریح مہیا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، شجر کاری کو بھی فروغ دینے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہارٹیکلچر چوہدری غلام نبی،ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔