حسن ابدال؛ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا

57

حسن ابدال ، 05 فروری(اے پی پی ):یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پرصوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر،فوکل پر سن ٹو صوبائی وزیر سماجی بہبود خاور بخاری،اے ڈی سی جی اسد اللہ خان،اے سی اٹک زرمینہ وزیر،اے ایس پی جواد اسحا ق کے علاوہ سیاسی، سماجی و مذہبی ارکان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کابنیادی حق ہے، جو انہیں ہر صورت ملنا چائیے۔کشمیریوں کو آزادی نہ دے کر انکا  بنیادی حق پا مال کیا جا رہا ہے جو انتہائی زیادتی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام عالم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور بھارت کو مجبور کریں کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا احترام کرے اور انہیں ان کی مرضی کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار دے۔

صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور نے کہا کہ کشمیری عوام ڈوگرہ راج کے وقت سے آزادی کے لیےء کوشاں ہیں اور آج بھارت ان پر ظلم وستم ڈھا کر ان کی آواز کو دبانا چاہتا ہے جو ممکن نہیں ہے، ظلم وستم کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستان کی عوام کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے،جس کا ان سے وعدہ کیا گیا ہے اور بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ اپنی ریاستی دہشت گردی بند کرے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار دے۔ملک محمد انور نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو بھارت کے ناجائز تسلط سے آزادی حاصل ہوگی اور وہ آزاد فضاء میں سانس لیں گے اور آزاد زندگی بسر کریں گے۔

تقریب سے ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر،خاور بخاری اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھر پو ر حمایت کا اعلان کیا۔

تقریب میں طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج تھے۔ یوم کشمیر  کے حوالے سے واک تحصیل کونسل ہال سے لالہ زار سٹیڈیم تک ہوئی۔واک کے دوران شرکاء نے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور کشمیریوں سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا۔ واک کے اختتام پر فوارہ چوک پر مختلف شعبہء زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کشمیر یوں کی حق خود ارادیت اور بھارت کے ظلم وستم پر  پُر جوش تقاریر کیں۔