راولپنڈی گلوبل ایکٹو سٹیٹس پروجیکٹ کے تحت ‘راول سائکلنگ سیچر ڈیز’ کا باقاعدہ آغاز

127

راولپنڈی۔13فروری  (اے پی پی):راولپنڈی گلوبل ایکٹو سٹیٹس پروجیکٹ کے تحت ‘راول سائکلنگ سیچر ڈیز’ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا جس میں جڑواں شہروں کی جانب سے زبردست ردعمل سامنے آیا اور 200 سے زیادہ سائیکل سوار شریک ہوئے، کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے اس ماس رائڈ کی قیادت کر کے مثال قائم کی، اس پروگرام کا مقصد راولپنڈی شہر میں سائیکلنگ کے رحجان کو فروغ دینا اور راول سائیکلنگ ہفتہ کو شہر کا مستقل پروگرام بنانا ہے، ‘راول سائیکلنگ سیچر ڈیز’ میں ڈویژنل انتظامیہ کے ساتھ ساتھ بچوں، مرد، خواتین اور بزرگ افراد نے بھی حصہ لیا، ہر شریک سائیکل سوار نے آن لائن رجسٹریشن کرائی، سائیکل رائڈ پوٹھوہار میٹرو اسٹیشن سے شروع ہوئی، سواروں نے خصوصی میٹرو لین ٹریک سے خوب لطف اٹھایا اور اوپر سے شہر کا جائزہ لیا، بینک روڈ صدر کے قریب پوٹوہار پارکنگ میں ایک مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں تمام سواروں نے فوری طور پر ریفریشمنٹ بریک لیا، پوٹھوہار پارکنگ میں سائیکل سواروں سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے جڑواں شہروں سے آنے والے سواروں کی موجودگی کو سراہا، انہوں نے ایکٹیو سٹیز کمیٹی پاکستان اور کریٹیکل ماس اسلام آباد کی کریٹیکل ماس راولپنڈی چیپٹر کا آغاز کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کا اعتراف کیا جو راول سائیکلنگ سیچر ڈیز کے رجحان کو فروغ دے گی، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے شہر کی ایک اہم شاہراہ پر سائیکلنگ لین کے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے، ہمیں صحت مند طرز زندگی کے فروغ کے لئے ایک مثال قائم کرنا ہوگی تاکہ شہریوں کے طرز عمل کو تبدیل کیا جاسکے، ہم سب رول ماڈلز کے طور پر کام کریں گے تب ہی ہم راولپنڈی کو صحیح معنوں میں پاکستان کے پہلے عالمی ایکٹو ڈویژن میں تبدیل کر سکتے ہیں، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، چکوال اور جہلم بھی موجود تھے۔