سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی جیتے گی، حفیظ شیخ اسلام آباد کی نشست پر کامیاب ہونگے ؛شیخ رشید احمد

112

اسلام آباد،28فروری  (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی جیتے گی، کل سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ آنا ہے، حفیظ شیخ اسلام آباد کی نشست پر کامیاب ہونگے، یوسف رضا گیلانی نے زرداری کی کرپشن بچانے کیلئے قربانی دی، ترک وزیراعظم کی اہلیہ کا سیلاب زدگان کیلئے دیا ہار بیگم کے گلے میں ڈال دیا، سول ملٹری تعلقات کی بہتری کا فائدہ ملک کو ہوتا ہے، افواج پاکستان اور سول حکومت ملکر ملک کو آگے لیکر جائیں گے، ساری دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، بیالیس ملکوں کی نیول ایکسر سائز پاکستان کی کامیابی ہے، ایف اے ٹی ایف کے 27 میں سے 24 نکات کلئر ہوگئے،  باقی تین بھی اسی سال کلئیر ہوجائیں گے، بھارت سے بات چیت کیلئے تیار ہیں لیکن کشمیر کو پس پشت ڈال کر کوئی بھی بات چیت ملک و قوم اور کشمیریوں سے غداری ہوگی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب سمیت تمام صوبوں میں سینیٹ الیکشن میں سیاسی جماعتوں کو حصہ بقدر جثہ ملے گا، اسلام آباد کی سینیٹ نشست کیلئے خواہ مخواہ دھول اڑائی جارہی ہے، عمران خان ہی تحریک انصاف ہیں، ان سے غداری کرنے والے کیلئے کہیں کوئی جگہ نہیں، اسلام آباد کی نشست پر حفیظ شیخ جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ  حفیظ شیخ نے ڈوبی ہوئی معیشت بحال کی، دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں سے پی ایچ ڈی کی، انکے والد قائد اعظم کے اور بھٹو کے ساتھی تھے، بطور وزیر خزانہ 20ارب ڈالر کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو سرپلس میں تبدیل کیا، ایکسچینج ریٹ کو مستحکم کیا، وزیراعظم کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو کامیاب کیا، ملکی خزانے کو اس بیدردی سے لوٹا گیا کہ مہنگائی قابو میں نہیں آرہی تھی، اسکے باوجود چھوٹے گھروں کی تعمیر، بجلی کھاد گندم پر سبسڈی دی تاکہ غریب پر بوجھ کم کیا جاسکے۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ سری لنکا کے دورے میں وزیراعظم عمران خان نے امریکہ اور چین کے تعلقات میں بہتری کیلئے کردار کی پیشکش کی، افسوس ہوتا ہے کہ کیسے ہماری عظیم افواج اور اور ایجنسیوں کے بارے میں باتیں کی جاتی ہیں، سول و عسکری بہتر تعلقات اور ہم آہنگی کا فائدہ ملک کو ہوتا ہے، پاکستان کی افواج اور سول حکومت دو پہیوں کی طرح ملک کو آگے لیکر جائیں گے، پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں تھا، وزارت داخلہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس کی کاوشوں کی بدولت 27 میں سے 24 نکات کلئیر ہوگۓ اور باقی تین بھی اسی سال ہونگے، پاکستان گرے لسٹ کے معاملے سے نکل آۓ گا، پاکستان کا دنیا میں اہم کردار ہے، ساری دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، چالیس یا 42 ملکوں کی نیول ایکسر سائز پاکستان میں ہوئی، امریکہ ، روس ،چین، ایران سمیت سارے اہم ملک ان میں شامل ہیں، یہ پاکستان کی کامیابی ہے، پاکستان اور بھارت کے فوجی کمانڈرز کی کئی سال کے بعد بات چیت ہوئی ہے، ہم بھارت سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن آرٹیکل 5 اے اور 370 واپس لیا جائے اور کشمیر کی پرانی حثیت کو بحال کیا جاۓ، بھارت سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت کشمیر سمیت تمام مسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن کشمیر کو پس پشت ڈال کر کوئی بات چیت ملک ، قوم اور کشمیریوں سے غداری ہوگی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سالہا سال ویزا نہیں ملتا تھا اب ہم نے ویزا کا اجراء آن لائن کردیا ہے، تینوں ایجنسیوں کو ایک ماہ میں رپورٹ دینا ہوگی، اگر کوئی ایجنسی ایک ماہ میں کلئیر نہیں کرے گی تو وزارت داخلہ ایک ماہ میں ویزا جاری کردے گی، یہ عمران خان کا ویژن اور ہدایت ہے کہ ہم نے سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے وزارت داخلہ کی طرف سے کیے گۓ اقدامات کا ذکر کرتے ہوۓ کہا کہ دس سال کیلئے پاسپورٹ 45سو روپے میں جاری کر رہے ہیں، ایک لاکھ شناختی کارڈز بنارہے ہیں، ایف آئی اے سے کالی بھیڑوں کو نکالا جاۓ ئےگا، اچھے افسروں کو لایا جائیگا، کل سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ آنا ہے، جو رکن کھل کر یہ نہیں کہ سکتا کہ میں فلاں کا ووٹر ہوں وہ کیا خدمت کرے گا، سب حصہ بقدر جثہ لیکر آرام سے بیٹھ جائیں گے، عمران خان کا نام تحریک انصاف ہے، ان سے غداری کرنے والے کیلئے کوئی جگہ نہیں، کل سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ضرورت ہوئی تو پھر پریس کانفرنس کروں گا۔

 انہوں نے وزارت خارجہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزارت نے زبردست کام کیا ہے، پاکستان کے امریکہ، چین، روس، سعودی عرب اور ایران سے بہترین تعلقات ہیں، عمران خان کی قیادت میں ملک آگے بڑھ رہا ہے، عمران خان سینیٹ الیکشن جیتیں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی رہائی عدالتی فیصلہ ہے، اس سے فرق نہیں پڑتا، ہم نے ایسے سیاسی دور میں کام کیا ہے کہ سیاستدان ملک میں رہنا، مرنا پسند کرتے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پڑھے لکھے لوگوں کی جماعت ہے، وہ عمران خان کے اتحادی ہیں، مجھے امید ہے وہ حفیظ شیخ کو ہی ووٹ دیں گے۔

 شمالی وزیرستان میں دہشتگردی کے واقعہ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، افغانستان میں امن پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے ، ملک میں دہشت گردی کے خدشات ہیں، میں کسی کو ڈرا نہیں رہا لیکن اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی ہائی الرٹ ہے، 23 مارچ کی پریڈ ہے اسکے بعد فوجی دستے واپس جائیں گے، اس لیے اے پی ڈی ایم سے کہتا ہوں دو چار دن اجتماع کو آگے لے جاۓ، نہیں لے جانا چاہتے تو بے شک نا لے جائیں، جب تک قانون کی خلاف ورزی نہیں کریں گے ہم رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، لیکن اپوزیشن ہمیں اپنا پروگرام بتاۓ تاکہ ہم انکے لیے انتظامات کرسکیں۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ 27 فروری ہماری ایک عظیم کامیابی کا دن تھا جب ہم نے دشمن کے چھکے چھڑا ئے لیکن کسی اپوزیشن لیڈر کو بیان دینے کی توفیق نا ہوئی، پاکستان کی عظیم افواج، اداروں اور عوام کی قربانیوں کی بدولت امن قائم ہوا، دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچیں گے، بہارہ کہو میں واقعہ اور احتجاج سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک دو روز میں نامزد ملزم پکڑ لیے جائیں گے، وزیر داخلہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ کل سپریم کورٹ کا فیصلہ سچائی اور حقیقت پر مبنی ہوگا اور حفیظ شیخ سینیٹ کے رکن منتخب ہوں گے، اور ارکان عمران خان ، جسکی وجہ سے انہیں عزت ملی، کی عزت کا پاس رکھیں گے، ایک دو سیٹوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پنجاب میں سارا ٹھیک ہوگیا ہے، باقی جگہ بھی ٹھیک ہوگا، اسلام آباد الیکشن کے سوا میڈیا میں کوئی بات نہیں ہورہی، مجبوراً پریس کانفرنس کی۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تین کے سوا تمام پولیس ناکے ختم کردیے، پولیس کے نظام کو جدید بنارہے ہیں، چیکنگ اور گشت کیلئے موٹر سائیکل سواروں پر مشتمل ایگل سکواڈ اور جدید ٹیکنالوجی والی گاڑیاں لارہے ہیں، اسلام آباد میں 370 گارڈنز ہیں، انہیں ٹھیک کریں گے، شہری افطاریاں گارڈنز میں کریں۔