صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  سے بینکنگ محتسب  محمد کامران شہزاد  کی ملاقات

79

اسلام آباد،1فروری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینکاری کے شعبے میں جعلی سرگرمیوں اور سائبر جرائم کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو دھوکہ بازی سے بچانے کیلئےانفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم کو اپ گریڈ کرکے حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔

 یہ بات انہوں نے  پیر کو یہاں بینکنگ محتسب  محمد کامران شہزاد  سے ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر بینکنگ محتسب کی سال 2020ء کی کارکردگی رپورٹ صدر کو پیش کی گئی۔ صدر عارف علوی نے بینکنگ محتسب کی کارکردگی کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ صارفین کو مالی نقصان اور فراڈ سے بچانے کیلئے مؤثر احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمات کی بہتر فراہمی اور شکایات کے فوری اور موثر ازالے کیلئے جدید ترین انفارمیشن ٹیکنالوجی بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ سیمینارزاور موثر میڈیا مہم کے ذریعے بینکاری کے شعبے میں دھوکہ دہی اور فراڈکے بارے لوگوں میں شعور اجاگر کیا جائے۔  صدر مملکت کا بینکاری کے شعبے میں جعلی سرگرمیوں اور سائبر جرائم کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ لوگوں کو دھوکہ بازی سے بچانے کیلئےانفارمیشن ٹکنالوجی سسٹم کو اپ گریڈ کرکے حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

 صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ زیادہ تر ناخواندہ اور بوڑھے لوگوں کو پاکستان میں جعلسازی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ سال 2020 کے دوران 25،000 سے زائدشکایات موصول ہوئیں جن میں سے 84 فیصد مقدمات نمٹا دیئے گئے ہیں۔ صدر مملکت نے بینکنگ محتسب کی سال 2020ء کی کارکردگی رپورٹ کو سراہا۔