صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کی سٹیئرنگ کمیٹی کا 11واں اجلاس

118

اسلام آباد۔18فروری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ فنکارملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،  فنکاروں کی بہبود اور بروقت مالی امداد کیلئے رقوم کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے، فنکاروں کو مالی امداد کی فراہمی کے لئے اہلیت کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں آرٹسٹ ویلفئیر فنڈ کی سٹیرنگ کمیٹی کے گیارہویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، قومی ورثہ و ثقافت شفقت محمود، سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت نوشین جاوید امجد اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد  اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ فنکاروں کی بہبود اور بروقت مالی امداد کیلئے رقوم کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے، فنکاروں کو مالی امداد کی فراہمی کے لئے اہلیت کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ مالی اور صحت کے مسائل کا شکار فنکارامدادکے مستحق ہیں ، فنکارملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنکاروں کو درپیش مسائل کے جلد حل کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس سہ ماہی بنیاد وں پر ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کا انتظام سٹیرنگ کمیٹی کے پاس ہے جو سرکاری اور غیر سرکاری ممبران پر مشتمل ہے جبکہ صدر مملکت سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔