ضلع بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے: ڈپٹی کمشنر

75

مظفرگڑھ، 17فروری (اےپی پی): ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور تمام منصوبے 31مارچ تک مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل مسائل کو آگاہ کیا جائے تاکہ اس کا حل نکالاجائے بعد میں کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں جہاں بھی کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع کیا جائے تو متعلقہ حلقے کے ممبر صوبائی اسمبلی کو آگاہ کیا جائے، ان سے سنگ بنیاد رکھوایا جائے اور مکمل ہونے پر انہی سے افتتاح کرایا جائے۔ یہ بات انہوں نے ضلعی ڈویلپمنٹ کمیٹی کے ایک جائز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ممبران صوبائی اسمبلی عون حمید ڈوگر، علمدار عباس قریشی، مخدوم رضا بخاری، اشرف رند اور نیاز احمد گشکوری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ممبران صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں علاقے کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہیں۔ علاقے کی ترقی کیلئے اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں جلد ہی علاقے کی محرومیوں کو خاتمہ ہوگا اور عوام خوشحال ہوگی۔ممبران صوبائی اسمبلی کی نشاندہی پر ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران کو ہدایت کی کہ جہاں جہاں واٹر فلٹر پلانٹ بند پڑے ہیں ان کوجلد سے جلد اندر فعال کیا جائے۔ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو ہدایت کی کہ جن علاقوں میں پانی کے مسائل ہیں ان کے مسائل فوری حل کئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے سی ای او صحت ڈاکٹر مہر محمد اقبال کو ہدایت کی کہ محکمہ صحت کی جو جو سکیمیں مکمل ہوچکی ہیں ان کو کنٹرول میں لیاجائے اور ان کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ عوام ان سہولیات سے مستفید ہوں۔ ڈپٹی کمشنر نے ایکسین آبپاشی کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں نہروں کی بھل صفائی کا شیڈول جاری کیا جائے اور بھل صفائی کے وقت متعلقہ ممبر صوبائی اسمبلی اور اسسٹنٹ کمشنر کو ضرور آگاہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی بھل صفائی مہم کا معائنہ کریں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں 1094ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے جن کیلئے 19ارب 21کروڑ سے زائد کی رقم مختص کی گئی، اب تک 13ارب 25کروڑ سے زائد کے فنڈز خرچ کئے جاچکے ہیں جس سے 69فی صدکام مکمل ہو چکا ہے۔