عوام کو محکمہ مال سے متعلق درپیش آنیوالے مسائل اور پیچیدگیاں دور کرنے کیلیے محکمہ میں انقلابی اصلاحات پر عمل درآمد تیزی سے جاری ہے۔ قلندر لودھی

147

 پشاور،17فروری(اے پی پی): خیبر پختونخوا کے وزیر مال حاجی قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی مشکلات اور مسائل حل کرنے اور زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرنے کیلیے کوشاں ہے۔ پورے صوبہ میں لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جارہاہے جس سے اراضی و جائیداد کا ریکارڈ مستقل بنیادوں پر محفوظ رہیگا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ضلع کرک میں سروس ڈیلیوری سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کرک عبدالغفور شاہ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ایس ڈی سی سنٹر کے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا جبکہ اس موقع پر ڈی بی ایم حفیظ اللہ نے وزیرمال کو سنٹر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پورے خیبر پختونخوا میں لینڈ ریکارڈ کو محفوظ بنانے کیلیے 58سروس ڈیلیوری سنٹرز کھولے جائینگے۔ 7 اضلاع میں 24سروس ڈیلیوری سنٹرز کو فعال کرکے عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے جبکہ باقی سنٹرزکا افتتاح بھی  بہت جلد ہوجائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ان سنٹرز کے قیام سے سائلین کو انتقالات فرد وغیرہ کے اجرامیں بے جا تاخیر سے نجات مل جائیگی اور ایک صاف شفاف نظام کے تحت لوگوں کو پرانے کاغذات جو بارش، سیلاب,طوفان،زلزلہ یادوسرے قدرتی آفات کی وجہ سے ضائع، خراب یا ادھر اْدھر ہوجاتے اور جسکی وجہ سے لوگوں کو جائیداد کا ریکارڈ محفوظ رکھنے میں کافی مشکلات اور دشواریاں پیش آتیں ان سے چٹھکارا مل جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ سروس ڈیلیوری سنٹر کا بنیادی مقصد عوام کو ایک چھت کے نیچے جائیداد اور اراضی کے متعلق تمام تر سہولیات کی فراہمی ہے جبکہ عوامی شکایات کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف کاروائی ہوگی۔

 انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ مال کی تاریخ میں پہلی بار پٹواریوں کی کمپیوٹرٹریننگ کا آغاز ہوگیا ہے چھ ماہ دورانیہ کا جدید خطوط پر مبنی پٹواری ٹریننگ کورس بشمول جی آئی ایس اور جدید سروے کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔ پٹواریوں کی شفاف سیلیکشن کیلئے ملک میں پہلی دفعہ ایٹا کے ذریعے طریقہ کار وضع کیاگیا ہے جبکہ ریونیو دربار میں عوام کے سامنے سرکاری حکام جوابدہ ہونگے۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عوامی شکایات اور کرپشن کے خلاف محکمہ مال کے سینئیر افسران کی عوام کو کالز اور 30 دن کے اندر کاروائی کرنا تاریخ ساز اقدام ہے۔

قلندر لودھی نے کہا کہ پشاور میں ریونیو اکیڈمی کا قیام بھی عمل میں لایا گیاہے تاکہ عملے کو عوامی خدمت کی جدید تربیت دی جاسکے۔