فنگشنل لیگ کے کارکنان سیاسی انتظامی کاروائیوں سے ڈرنے والے نہیں ؛رہنما  پاکستان مسلم لیگ (ف) سید شفقت علی شاہ

69

سکھر،23 فروری ( اے پی پی ) پاکستان مسلم لیگ (ف) صوبہ سندھ کے رہنما سید شفقت علی شاہ نے کہا ہے کہ فنگشنل لیگ کے کارکنان سیاسی انتظامی کاروائیوں سے ڈرنے والے نہیں ، سکھر انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی عدالتی احکامات کی آڑ میں غریب اور مظلوم عوام کے گھر مسمار کر رہے ہیں مگر پی پی راہنماﺅں کی فیکٹریوں ، دفاتر ، گھروں اور بنگلوں کے خلاف آپریشن کرنے سے قاصر نظر آرہی ہے،مظلوم عوام کی آواز اٹھانے پر عوام کے خلاف دہشت گردی کے جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں،ہم ایسے تمام عوام دشمن کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر سیشن کورٹ کے باہر ف لیگ رہنما فقیر عنایت برڑو سمیت دیگر افراد کی ضمانت منظور ہونے کے بعد زرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انکے ہمراہ وکیل سردار شاہ جیلانی و دیگر موجود تھے ۔

سید شفقت علی شاہ نے مزید کہا کہ اگر سکھر پولیس نے اپنا قبلہ درست کر کے تین دن کے اندر ف لیگ کے رہنما و دیگر افراد کے خلاف درج جھوٹا مقدمہ ختم نہ کیا تو سندھ بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائیگی ۔سید شفقت علی شاہ نے کہا کہ فتح حق اور سچ کی ہوگی ، ف لیگ کے کارکنان ماضی میں سرخرو ہوئے ہیں اور مستقبل میں بھی سرخرو ہونگے۔