سکھر:موٹر وے پولیس کی جانب سے گورنمنٹ عطاءحسین شاہ کالج میں روڈ سیفٹی ڈے منایا گیا

67

سکھر،23 فروری ( اے پی پی ):  روڈ حادثات سے بچاؤ اور ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لئے موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر کی جانب سے گورنمنٹ عطاءحسین شاہ کالج روہڑی  میں  روڈ سیفٹی ڈے منایا گیا جس کا مقصد طلبہ اور اساتذہ میں بروقت احتیاطی تدابیر کے ذریعے ممکنہ روڈ حادثات سے بچاؤاور ٹریفک قوانین کی آگاہی فراہم کرنا تھا ۔

 اس موقع پر موبائل ایجوکیشن سکھر سیکٹر کے افسران انسپکٹر صلاح الدین اور سب انسپکٹر سرفراز خان نے شرکا کو بتایا کہ مذکورہ کالج نیشنل ہائی وے پر روڈ سے انتہائی نزدیک ہے، ہیوی ٹرانسپورٹ کالج کے گیٹ کے انتہائی قریب سے گزرنے کی وجہ سے طلبہ و اساتذہ کو کالج آنے اور واپسی پر گھر جانے کے دوران روڈ کراس کرتے ہوئے انتہائی احتیاط کی ضرورت ہےجبکہ طلبہ اور اساتذہ کو عملی طور پر روڈ کراس کرنے کے محفوظ طریقے، روڈ سیفٹی لیکچر اور روڈ حادثات کی روک تھام  کے لئے روڈ سیفٹی واک کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں طلبہ اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 اس موقع پر کالج کے پرنسپل مظفر حسین جتوئی نے روڈ سیفٹی ڈے کے حوالے سے  کالج میں بھرپور دن منانے پر موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کالج میں طلبہ کی ایک بڑی تعداد علم و تدریس کے لئے مختلف علاقوں سے کالج آتی اور جاتی ہے جبکہ  کالج نیشنل ہائی وے کے انتہائی نزیک ہونے کی وجہ سے خاص احتیاط کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس نے احتیاطی تدابیر سے متعلق مفید معلومات فراہم کرکے طلبہ اور اساتذہ میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا ہے جس کے لئے مجھ سمیت کالج انتظامیہ اور طلبہ، موٹر وے پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ایسے مفید پروگرام وقتاً فوقتاً کالج میں منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ و اساتذہ کو روڈ حادثات سے محفوظ رکھا جاسکے۔