پشاور، 5فروری(اے پی پی): ضلع لنڈی کوتل میں پاک افغان شاہراہ پر ضلعی انتظامیہ، قومی مشران، سیاسی قائدین اور تاجروں و فلاحی تنظیموں کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل اکبر افتخار، ٹی ایم او شہباز خان تنظیم اہلسنت والجماعت کے ناظم اعلیٰ حاجی حکیم خان شینواری، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء حاجی ضرب اللہ شینواری، فلاحی تنظیموں کے صدور خیبر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے سربراہان اور دیگر مشران سیاسی قائدین اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
یومِ یکجہتی کشمیر ریلی کے موقع پر فلاحی تنظیم کے صدر اختر علی شینواری ملک ماثل شینواری، ناظم اعلیٰ حاجی حکیم خان شینواری اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں اور عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونگے اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت اور کشمیری مسلمانوں پر مظالم کی بھرپور مزمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کے ممالک مقبوضہ کشمیر میں جاری انڈیا کے مظالم پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
مقررین نے کہا قبائلی عوام اور مشران پہلے بھی کشمیری مسلمانوں کی آزادی کے لئے متحد تھے اور آئندہ بھی کشمیری مسلمانوں کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کے تمام عوام اس مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کھڑے ہیں اور ان کی آزادی کے حصول تک ان کے ساتھ رہیں گے۔ یوم یکجہتی ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی اور کشمیری مسلمانوں کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔