میرپورخاص،05 فروری ( اے پی پی): ضلع انتظامیہ کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کمشنر کمپلیکس سے پوسٹ آفس چوک تک کمشنر عبدالوحید شیخ کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر سلامت میمن ایس ایس پی فیصل بشیر میمن اسسٹنٹ کمشنرز شاہد پروین جامڑو محمد خان کھٹی سلیم شیخ ضلعی افسران واسٹاف تاجر اساتذہ طلبہ سیاسی سماجی مذہبی اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء کے ہاتھوں میں بینرز اورپلے کارڈ ز تھے جن پر بھارتی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے مظالم کے خلاف اورمظلوم کشمیریوں کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر میرپورخاص یوتھ الائنس کی جانب سے تیارکیا گیا 500فٹ طویل پاکستانی اورکشمیری پرچم بھی لہرایا گیا۔
ریلی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عبدالوحید شیخ نے کہا کہ جب تک مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا تب تک ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ساتھ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ میں بھارت کا غاضبانہ قبضہ ہے اوروہاں انسانی حقوق کی کھلم کھلا پامالی ہورہی ہے اس لئے عالمی امن کے اداروں کو چاہئے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے مظلوم لوگوں کو ان کا حق خودارادیت دینے میں اپنا بھرپورکردار اداکریں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سلامت میمن ،ایس ایس پی فیصل بشیر میمن، انجمن تاجران کے انیس شیخ امین میمن اوردیگر مقررین نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے مظلوموں کی سیاسی سفارتی مذہبی و اخلاقی تعلقات جاری رکھیں گے ،انشاء اللہ کشمیر بنے گا پاکستان ۔مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو عالم سطح پر تسلیم کیا جاچکا ہے اس لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی آزادی ان کا بنیادی حق ہے۔