نوجوان نسل کو منشیات بالخصوص آئس کی وباء سے بچاکر ان کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکتا ہے؛ڈی پی او مردان ڈاکٹر زاہد اللہ 

132

مردان،18فروری (اے پی پی): ضلعی پولیس سربراہ ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا ہے کہ مردان پولیس منشیات بالخصوص آئس کے سوداگروں کے قلع قمع کرنے کیلئے سرگرم عمل اور معاشرے کو منشیات کی وباء سے نجات دلانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔نوجوان نسل اور طلباء کو منشیات بالخصوص آئس کی وباء سے بچاکر ان کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہارضلعی پولیس سربراہ ڈاکٹر زاہد اللہ نے انسداد منشیات و آئس مہم کے حوالے سے  گورنمنٹ ڈگری کالج نمبر 2مردان  میں آگاہی سمینار سے خطاب میں کیا۔ منعقدہ سمینار میں طلباء کو آئس کے نقصانات کے بارے میں ملٹی میڈیا پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا کہ آئس جیسے مہلک نشے کی انسداد کے حوالے سے آگاہی مہم دور حاضرکا اہم تقاضا ہے، خصوصاً طلباء و طالبات کو منشیات بالخصوص آئس کی وباء سے بچاکر ان کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  مردان پولیس کی جانب سے آئس کے سمگلروں اور اس کے فروخت کرنیوالوں کے خلاف بھر پورکاروائیاں جاری ہیں جن سے بھاری مقدار میں منشیات و آئس برآمد کیا گیا ہے۔

ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا کہ مردان پولیس کی جانب سے منشیات اور آئس کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم کا مقصد منشیات کے اقسام و نقصانات اور اس سے بچاؤ کے بارے میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات کو آگاہ کرنا اور اس سے اجتناب کر کے معاشرے کے ہر فرد کو ممانعت کی تلقین دینا ہے۔

اس موقع پر سوال و جواب کے دوران کالج کے طلباء اور فیکلٹی ممبرزنے ڈی پی اوڈاکٹر زاہد اللہ کی جانب سے منشیات کے خلاف تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کوخراج تحسین پیش کیا اور اس مہم کو طلباء کی بہتر مستقبل کیلئے مفید اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس لعنت کے خاتمے کیلئے پولیس کیساتھ ہر قسم کے تعاون کا عزم کیا۔

کالج پرنسپل محمد ابرار نے ڈی پی او مردان کو اعزازی شیلڈ پیش کی، بعدازاں ڈی پی او نے شجرکاری مہم کے حوالے سے کالج احاطے میں پودا بھی لگایا۔