وزیراعظم  کے کلین اینڈ گرین وژن کو عمل جامعہ پہنا کر ملتان میں بھر پور شجر کاری کی جائے گی؛کمشنر جاوید اختر محمود

67

ملتان، 18 فروری (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ شہر کو سرسبز وشاداب بنانے کیلئے پی ایچ اے احسن اقدامات کر رہا ہے، موسم بہار میں بھر پور شجر کاری کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان کے کلین اینڈ گرین وژن کو عمل جامعہ پہنا رہے ہیں۔ پی ایچ اے کو  ترقیاتی فنڈ سے ایک فیصد ہارٹیکلچرفنڈ کی فراہمی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ فروری اور مارچ میں مزید بڑے سایہ دار درختوں کی شجر کاری کریں گے۔

 اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار گلگشت روڈ پر پچاس سے زائد سٹیمرز ایل ای ڈیز کی تنصیب کی ابتدائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اس موقع پر چیئر مین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ اور ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے سید شفقت رضا بھی موجود تھے۔

 کمشنر ملتان نے  کہا کہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر بڑے تیار سایہ دار درخت لگا رہے ہیں، 22فروری سے بھر پور ڈویژنل شجر کاری کا آغاز کریں گےاور مارچ کے مہینے میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایل ای ڈی سٹمرز سے روڈ کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

 اس موقع پر چیئر مین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ ایل ای ڈی سٹیمرز کی تنصب سے نا صرف ایریا کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا بلکہ اس میں شجر کاری کے متعلق معلومات سے عوام کی شجر کاری سے متعلق شعور وآگاہی میں اضافہ ہوگا۔

 ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے سید شفقت رضا نے کہا کہ کمشنر ملتان کے مشکور ہیں، جو شجر کاری اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے لیئے پی ایچ اے کی بھر پور رہنمائی کر رہے ہیں،ضلعی انتظامیہ سے تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ  مختلف گرین بیلٹس پر چھ سو بڑے سایہ دار درخت لگائے جارہے ہیں، کلین اینڈ گرین مہم کو کامیاب بنا کر ملتان کو سر سبزو شاداب اور پھولوں کا شہر بنائیں گے۔