وزیراعلیٰ پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل خان نیازی کی  ملاقات

83

لاہور،18فروری(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے خانیوال سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل خان نیازی نے ملاقات کی  ہے،مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا کے بیٹے نعیم چانڈیا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں  ایم پی اے فیصل نیازی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پراعتماد کا اظہار کیا۔

ملاقات میں گفتگو کے دوران عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی ہر شہر اور علاقے کا حق ہے، ہم یہ حق ضرور ادا کریں گے۔میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل جو بھی لے کر آئے گا، حل کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔خانیوال اور مظفرگڑھ کیلئے بھی جلد ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو لمیٹڈ کمپنیاں بنانے کا دور گزر چکا ہے۔ہر ایم پی اے کا حق ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشش کرے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ شور مچانے والے عناصر پاکستان کی سیاست سے آؤٹ ہو چکے ہیں،منفی سیاست کرنے والوں کو عوام نے پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے اسمبلی میں نہیں بھیجا۔انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنے مسائل کے حل کیلئے عوامی نمائندوں کو منتخب کیا ہے،ترقی دشمن ایجنڈا پاکستان مخالف قوتوں کا ایجنڈا ہے۔

اس موقع پر فیصل نیازی نے کہا کہ آپ سے مل کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے،عثمان بزدار جس طرح عوام کی بے لوث خدمت کیلئے سرگرم ہیں، ماضی میں مثال نہیں ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار نے اضلاع کیلئے ترقیاتی پیکیج دے کر ارکان کے دل جیت لئے ہیں،ہمیں آپ کی قیادت اور پالیسیوں پر پورا اعتماد ہے۔