وزیر اعظم عمران خان دو روزہ سری لنکا روانہ ہو گئے، اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں،جوائنٹ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کریں گے

86

اسلام آباد،23فروری  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان اپنے سری لنکن ہم منصب مہندا راجاپاکسے کی دعوت پر سری لنکا روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم کا سری لنکا کا یہ دورہ دو دن کا ہوگا۔

 وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان کا سری لنکا کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وزیراعظم دورے کے دوران سری لنکا کے صدر اور اپنے ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ دورے کے دوران اعلیٰ سطح کی ملاقوں میں تجارت، سرمایہ کاری، صحت ، تعلیم، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔

دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں  میں مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ وزیراعظم جوائنٹ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1948 سے دوستی کا مضبوط تعلق قائم ہے۔  وزیرِ اعظم عمران خان کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور تعاون کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔