وزیراعلیٰ عثمان بزدار  سے   پی ٹی آئی  اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے امیدواروں  کی   سینٹ  الیکشن   کے حوالے  سے مشاورت

74

 

لاہور،23 فروری(اے پی پی): وزیراعلیٰ عثمان بزدار  سے   پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے امیدواروں نے  سینٹ  الیکشن   کے حوالے  سے مشاورت کی۔ ملاقات  کرنے  والوں  میں   اعجاز احمد چودھری،بیرسٹر علی ظفر،ڈاکٹرزرقا تیمور، عون عباس بپی اورمسلم لیگ(ق) کے کامل علی آغا  شامل  تھے   جبکہ سیف اللہ خان نیازی   ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان،صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت،معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ اور وزیراعلیٰ کے خصوصی کوآرڈینیٹر برائے سیاسی امور عون چودھری نے بھی مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔

 اجلاس  میں  سینیٹ کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت ہوئی اور  مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں سینیٹ الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی بھی طے کی گئی۔

اجلاس میں گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سینٹ  الیکشن  میں  پنجاب میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ق) کے امیدوار وں کو کامیاب کرایا جائے گا، امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے حکمت عملی طے کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے گروپس بنائے جائیں گے،امیدواروں اور گروپس کے مابین بہترین کوآرڈینیشن یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے جلد ہی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔

عثمان بزدار  نے کہا کہ اراکین اسمبلی کو سینیٹ الیکشن کے طریقہ کار او رووٹ کاسٹ کرنے کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی،سینیٹ الیکشن میں حکومتی اتحاد کے ا میدوار کامیاب ہوں گے ۔انہوں نے کہا  کہ اپوزیشن صرف شور مچانا جانتی ہے،عوام کی خدمت کرنا ان کے پاس سے بھی نہیں گزرا۔