وزیر اعلیٰ خالد خورشید نےچیڑ کا  پودا لگاکر گلگت بلتستان میں قومی شجر کاری مہم 2021 کا آ غاز کر دیا

136

گلگت،16فروری(اے پی پی):ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی قومی شجر کاری مہم 2021 کا آ غاز کر دیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے چنار باغ گلگت میں چیڑ کا  پودا لگا کر اس قومی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔

اس  سلسلے میں  تقریب  وزیر اعلیٰ سیکٹریریٹ چنار باغ  میں منعقد ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان  خالد خورشید نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات تیزی سے پورے علاقے کو متاثر کر رہے ہیں جس کی وجہ سے 150 کے قریب جھیل معرضِ وجود میں آچکی ہیں جو کسی بھی وقت پھٹ سکتی ہیں اور پورا علاقہ گلوبل وارمنگ کی زد آ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ پورے ملک کو گلوبل وارمنگ کے اثرات سے بچانے کےلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں جس کے لئے ملکی تاریخ کی سب سے   بڑی  قومی مہم دس بیلین ٹری سونامی کی چلائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ  پاکستان میں اس وقت سب سے زیادہ  اس مہم کی ضرورت گلگت بلتستان میں ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان  خالد خورشید  نے کہا ہے قومی شجر کاری مہم کو کامیاب کرنے کے لیے  سب سے بڑی ذمہ داری محکمہ جنگلات کی ہے،اس کے بعد عوام کا بھرپور تعاون درکار ہوگا کہ وہ حکومت کی طرف سے اس اہم مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔