اسلام آباد،27فروری(اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےچیئرمین پاکستان یورپی یونین فرینڈشپ فیڈریشن چودھری پرویز اقبال لوسر نے ہفتہ کو یہاں وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی، ملاقات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی ملکی مفادات کے امین ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد مقیم ہے، میری خصوصی ہدایات پر دنیا بھر میں ہمارے سفارت خانے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے کوشاں ہیں۔
پرویز اقبال لوسر نے وزیر خارجہ کو پاک- ای یو فرینڈشپ فیڈریشن کی کارکردگی کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔ انہوں نے کرونا عالمی وبائی چیلنج کے دوران محدود وسائل کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں کی معاونت کیلئے وزارتِ خارجہ اور پاکستانی سفارت خانوں کی کاوشوں کی تعریف کی اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا
وزیر خارجہ نے یورپی ممالک میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے پرویز اقبال لوسر کی خدمات کو سراہا۔