وفاقی وزراء مخدوم خسروبختیار ، عمرایوب خان  کی متعلقہ اداروں اورمحکموں کو توانائی کے شعبہ میں بیرونی معاونت کے منصوبوں پرعمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت

81

اسلام آباد،25فروری  (اے پی پی):وفاقی وزرا مخدوم خسروبختیار اوروزیرتوانائی عمرایوب خان نے متعلقہ اداروں اورمحکموں کو توانائی کے شعبہ میں بیرونی معاونت کے منصوبوں پرعمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہاہے کہ  یہ  منصوبے ملک کے پائیدارمعاشی ترقی کیلئے اہمیت کے حامل ہیں، منصوبوں سے کم قیمت پربجلی کی فراہمی، ترسیلی نظام کی پائیداریت اورملک میں بجلی کے تقسیم کے نظام میں نمایاں بہتری لانے سمیت اہم سٹریٹجک اہداف کے حصول میں مددملے گی۔

یہ بات انہوں نے توانائی  کے شعبہ میں بیرونی معاونت کے منصوبوں سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی  کے اجلاس میں کہی۔،اجلاس کی صدارت وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیاراوروزیرتوانائی عمرایوب خان نے مشترکہ طورپرکی۔اجلا س میں سیکرٹری اقتصادی امورنوراحمدخان، وزیراعظم آفس کے  نمایندوں، وزارت خزانہ، صوبائی محکموں اوردیگرمتعلقہ محکموں کے سربراہان شریک ہوئے۔

اجلاس میں 5نومبر2020 کوہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پرپیش رفت کاجائزہ لیاگیا، اجلاس کوبتایا گیا کہ اس وقت ایشیائی ترقیاتی بینک، عالمی بینک اوراسلامی ترقیاتی بینک جیسے ترقیاتی شراکت داروں کی معاونت سے ملک بھرمیں توانائی کی پیداوار، ترسیل وتقسیم سے متعلق  3.418 ارب ٖڈالرمالیت کے کل 14 منصوبوں پرعمل درآمد جاری ہے۔

وفاقی وزیرمخدوم خسروبختیارنے بجلی کے شعبہ میں بیرونی معاونت کے منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کودورکرنے کے ضمن میں پاورڈویژن کے کردارکوسراہا۔انہوں نے کہاکہ حکومت توانائی کے شعبہ میں اصلاحات، صاف اور معقول نرخوں پرمتبادل توانائی کی پیداوار، پائیداراورقابل اعتماد ترسیلی نظام اورڈسٹری بیوشن کے نیٹ ورک پربھرپورتوجہ دے رہی ہے۔

وفاقی وزیرتوانائی عمرایوب خان نے متعلقہ محکموں اوراداروں کوتوانائی کے شعبہ میں بیرونی معاونت کے منصوبوں کی راہ میں حائل بقیہ رکاوٹیں ختم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی تاکہ ان منصوبوں کوجلدازجلدعملی جامہ پہنایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ پاورڈویژن بجلی کے شعبہ میں بیرونی معاونت کے منصوبوں پرپیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہاہے۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ ان منصوبوں سے کم قیمت پربجلی کی فراہمی، ترسیلی نظام کی پائیداریت اورملک میں بجلی کے تقسیم کے نظام میں نمایاں بہتری لانے سمیت اہم سٹریٹجک اہداف کے حصول میں مددملیگی۔دونوں وزرا نے توانائی کے شعبہ میں بیرونی معاونت کے منصوبوں پرعمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت کی اورکہاکہ یہ منصوبے ملک کے پائیدارمعاشی ترقی کیلئے اہمیت کے حامل ہیں۔