پشاور، 7فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق پیر نورالحق قادری نے ضلع خیبر کے جمرود سپورٹس کمپلیکس میں پاکستان سپورٹس فیسٹیول کا افتتاح کردیا جو 23مارچ تک جاری رہے گا اور اس میں 2500کھلاڑی شرکت کرینگے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر کھلاڑیوں نے جمناسٹک، پی ٹی شو، رسہ کشی اور دیگر ملی نغمے پیش کیے جس سے آئے ہوئے تماشائی خوب لطف اندوز ہو گئے، فیسٹیول میں باڑہ، جمرود، تیراہ، ملاگوری اور لنڈی کوتل کے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جو فٹ بال، کرکٹ،والی بال، باسکٹ بال، بیڈمنٹن کے مقابلوں میں حصہ لینگے۔
پاکستان سپورٹس کی افتتاحی تقریب سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں جاری کھیل امن کی نشانی ہے یہاں کے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جنہوں نے تعلیم کے میدان میں ہمیشہ ملک اور قوم کا نام روشن کیا ہے جوکہ فخر کا مقام ہے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق قادری نے کہا کہ علاقے میں پاک فوج، ایف سی ،سابق خاصہ دار فورس اور لیویز و مشران اور عوام کے قربانیوں کی وجہ سے امن قائم ہو گیا ہے جس کی زندہ مثال وادی تیراہ بازار، زخہ خیل باڑہ اور دیگر دور افتادہ علاقے شامل ہیں جس کو نو گو ایریا کہا جاتا تھا لیکن اب پاک آرمی ایف سی اور دیگر سیکورٹی فورسز کے جوانوں کے قربانیوں کی وجہ سے مکمل امن قائم ہے اور عوام بہتر زندگی گزار رہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق قادری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان جوکہ بہترین کرکٹر تھے ان کا ویژن ہے کہ ملک اور تمام صوبوں میں کھیلوں کے سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے اور ہر ضلع کی سطح پر سپورٹس کمپلیکس بنائے جائیں تاکہ ملک و علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیاں بہتر طریقے سے جاری رکھ سکیں اور کھلاڑیوں کے مشکلات میں کمی آجائے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق قادری نے کہا کہ ملک میں کچھ عناصر سازشیں کرتے ہیں جوکہ کھبی کامیاب نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قیامت قائم اور دائم رہے گا اور ملک کے سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں اور پاکستان کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے پاکستان سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد پر سیکورٹی فورسز، محکمہ کھیل، ضلعی انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور پاکستان سپورٹس فیسٹیول کے لئے 2لاکھ روپے کا اعلان بھی کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں سیکیورٹی فورسز کے کرنل ندیم مشتاق، 104ونگ خیبر رائفلز کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل وقاص صدیق ممبر صوبائی اسمبلی شفیق شیر آفریدی، ڈائریکٹر سپورٹس قبائلی اضلاع پیر عبداللہ شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نورولی خان، ڈسٹرکٹ سپورٹس منیجر راھد گل ملاگوری، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء جمال آفریدی سمیت دیگر مہمان بھی موجود تھے۔