کولمبو۔24فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے فروغ کے ذریعے اقتصادی شراکت داری بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، پاکستان آئندہ بھی سری لنکا کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سری لنکا کے صدر گوتابایا راجا پکسے سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دونوں رہنماوں کے مابین کولمبو میں ایوان صدر میں ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین اعتماد ہم آہنگی اور باہمی تعاون کی بنیاد پر استوار تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے فروغ کے ذریعے اقتصادی شراکت داری بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بالخصوص زراعت، سیاحت، سائنس و ٹیکنالوجی، کھیل، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر زور دیا اور غربت کے خاتمے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی اہمیت بھی بیان کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے مستقبل میں بھی سری لنکا کے لئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان اور سری لنکا کے صدر نے کثیر طرفہ فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان قریبی روایتی اور ثقافتی تعلقات کا ذکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سری لنکا کے عوام کے لئے مذہبی سیاحت کے حوالے سے پرکشش مقام بننے کی استعداد موجود ہے اور انہوں نے بالخصوص پاکستان میں وسیع بدھ ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا۔ علاقائی تناظر میں وزیراعظم نے امن، ترقی اور رابطے سے متعلق اپنے وژن کے بارے میں سری لنکا کے صدر کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے سارک اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فلیگ شپ منصوبے سی پیک کے ذریعے علاقائی خوشحالی کے مواقع کے ساتھ علاقے میں تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے سری لنکا کے صدر گوتابایا راجا پکسے کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔