اسلام آباد،2فروری (اے پی پی):پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس نَصر نےافریقی ممالک جبوتی اور سوڈان کا خیر سگالی دورہ کیا، دونوں ممالک میں آمد کے موقع پر پاک بحریہ کے جہاز کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشن کمانڈر نے پاکستانی عوام کی جانب سے دونوں دوست ممالک کے عوام کے لئے پچاس پچاس ٹَن راشن کا تحفہ مقامی حکام کے سپرد کیا۔ مشن کمانڈر کی میزبان ممالک میں اعلیٰ سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشن کمانڈر نے حکومت اور امیرالبحر کی جانب سے دونوں ممالک کے عوام کیلئے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔ پاک بحریہ کے جہاز نے سوڈانی بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشق میں بھی حصہ لیا۔ پاک بحریہ کے جہاز کے اس دورے سے باہمی اشتراک کی نئی راہیں استوار کرنے کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود تعلقات کو مذید وسعت ملے گی۔