پولیس کا بہتر تشخص اجاگر کرنے کے لیے موثر عملی اقدامات اٹھائے جائیں،آرپی او

108

ملتان ۔10فروری  (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق امن عامہ برقرار رکھنے اور اس میں مزید بہتری کے لیے روایتی طریقوں سے ہٹ کر اقدامات کئے جائیں اور پولیس کا بہتر تاثر اجاگر کرنے کے لیے بھی موثر عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن میں ضلع ملتان کی امن و امان کی صورتحال کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی پولیس کے بنیادی فرائض ہیں، ان فرائض کی بجا آوری میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کیا جائے اس مقصد کے لیے پولیس غیر جانبدار رہ کر حقائق کے مطابق اپنی ذمہ داری پوری کرے۔انہوں نے کہاکہ تفتیش میں باریک بینی سے ہر پہلو پر توجہ دیں تاکہ نہ تو کوئی بے گناہ سزا کا مستحق ٹھہرے اور نہ ہی کوئی ظالم سزا سے بچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف پر قائم رہنا اور سائل سے خوش اخلاقی سے پیش آنا تھانہ کلچر کی تبدیلی کی جانب اہم اقدام ہے۔ اجلاس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملتان کیپٹن (ر) محمد عامر خان نیازی،چیف ٹریفک آفیسر محمد ظفر بزدار، ایس پی ہیڈ کوارٹر احمد نواز شاہ،ایس پی کینٹ ڈویژن لیفٹیننٹ (ر) کامران عامر خان، ایس پی صدر ڈویژن رائونعیم شاہد،ایس پی گلگشت ڈویژن ڈاکٹر محمد رضا تنویر،ایس پی سٹی ڈویژن محمد مسعود گجر،اے ڈی آئی جی حسن رضا کھاکھی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالرحیم،پی ایس عبدالقادر کے علاوہ ڈسٹرکٹ ملتان کے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز شریک ہوئے۔ ریجنل پولیس آفیسر سی خرم علی نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ سنگین جرائم میں وہ خود بلاتاخیر موقع پر پہنچیں۔ انہوں نے کہاکہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کریں پتنگ بازی کی روک تھام کو یقینی بنائیں اور اس حوالے والدین کو آگاہی فراہم کریں قمار بازی کے خلاف سخت اقدامات کریں۔ آر پی او ملتان نے ہدایت کی کہ مجرمان اشتہاری، عدالتی مفروران اور رہائی یافتہ عادی مجرمان کے خلاف کریک ڈائون  کریں، زیر تفتیش مقدمات کو بلاتاخیر انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے میرٹ پر یکسو کریں ۔ تھانہ کے ریکارڈ کی بروقت تکمیل کی جائے اورحوالات میں موجود قیدیوں کی تفصیل ریکارڈ درج کی جائے۔ سید خرم علی نے کہا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تجاوزات کے خلاف اقدامات کریں سائلین سے خوش اسلوبی سے پیش آئیں پولیس فورس کی ویلفیئر کے لیے اقدامات کریں اور پولیس ملازمین کے مسائل سن کر انہیں حل کریں۔