کراچی؛ آزادی صحافت اور میڈیا بحران و اسکے حل پر سیمینار کا انعقاد

349

کراچی، 06 فروری(اے پی پی ): پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی سرپرستی میں کراچی یونین آف جرنلسٹس نے مقامی ہوٹل میں آزادی صحافت اور میڈیا بحران و اسکے حل پر سیمینار کا انعقاد کیا۔ استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے سنیئر جرنلسٹ خورشید عباسی نے کہا کہ صحافی جمہوریت کے حامی رہے ہیں اور اس خواہش کے جرم میں سزائیں بھی جھیلتے رہے ہیں ہم اگر آزادی صحافت کی بات کرتے ہیں تو یہ مطالبہ دراصل آپ سب کے لیے کرتے ہیں۔

 خورشید عباسی  نے کہا کہ  آج  صحافی بے روزگاری کا سامنا کر رہا ہے، ڈان سائزنگ کے نام پر جو کچھ صحافیوں کے ساتھ ہو رہا ہے اس کا خمیازہ کل جمہوریت کو بھی بھگتنا ہو گا۔انہوں نے  کہا کہ  نے کہا کہ ہم ہر طبقہ فکر سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری جدوجہد کی حمایت کریں ۔

حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے نمائندے جے پرکاش نے کہا کہ آج ہم صحافیوں کے مسائل پر بات کر رہے ہیں ہم بیگار کیمپوں کی بات کرتے ہیں اور حصہ بھی انہی بیگار کیمپوں کا بنے ہوئے ہیں ہم کو نوکری کا کوئی دستاویزی ثبوت نہیں دیا جاتا اچھی بات ہے کہ آج ایک تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے ہم اس کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

پاکستان بار کونسل کے رکن شہادت اعوان نے کہا کہ ہر طبقہ اور معاشرہ تشنہ ہے آپکی جدوجہد کا عرصہ طویل ہے نتیجہ ایسا نہیں نکلا ہم کو درست وقت پر درست فیصلے لینے کی ضرورت ہے۔

 سیمینار میں فاروق ستار ، حامد میر ، شاہی سید ، ناصر حسین شاہ ، اسامہ رضی سمیت صحافی مزدور اور سول سوسائٹی کے رہنماں کی بڑی تعداد شامل تھی۔