کشمیریوں نے اپنے  حق خود ارادیت کے حصول  کے لئے  عظیم قربانیاں پیش کی ہیں ؛صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

79

اسلام آباد،4فروری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دنیا کو طویل عرصہ سے تصفیہ طلب تنازعہ کشمیر بھولنے نہیں دیں گے ، کشمیریوں نے اپنےحق  خود ارادیت کے حصول  کے لئے  عظیم قربانیاں پیش کی ہیں ، اب  ان کی آزادی کی منزل دور نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم آج کشمیریوں کو ان کی جدوجہد آزادی کے لئے عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں، پوری دنیا کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے آگاہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈوگرا راج سے کشمیری مظالم کا شکار ہیں ، کشمیر کو 75لاکھ میں بیچا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں کشمیریوں پر مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا ۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ ہم اقوام متحدہ کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے وعدے نہ بھولے ، اقوام متحدہ نے اپنی متعدد قراردادوں میں کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا ہے ، بھارت خود یہ معاملہ اقوام متحدہ میں لے گیا اور پھر خود اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد سے انکاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کو پیلٹ گنزسے نشانہ بنا رہا ہے ، بھارت نے 5اگست 2019کو غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیرکا بھارت سے الحاق کیا ، کشمیر کی آبادی سے زیادہ وہاں بھارتی فوج تعینات ہے ، کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف مزاحمت  کر رہے ہیں ، وہ وعدے کے مطابق پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کیا جارہاہے ، نئے ڈومیسائل کے ذریعے ہندو توا کے حامیوں کو کشمیر میں بسایا جارہاہے ۔

 انہوں نے کہاکہ ہم کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیریوں کی پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو امن کی دعوت دی ۔ انہوں نے کہاکہ اگر بھارت امن کے لئے ایک قدم اٹھائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھیں گے، تاہم بھارت نے پلوامہ واقع کا بہانہ بنا کر پاکستان کے خلاف جارحیت کی جس کا پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا، بھارت کے اس رویئے سے ثابت ہوا کہ وہ غیر ذمہ دار ایٹمی ملک ہے ، اس کے اس طرح کے اقدام سے محدود ایٹمی جنگ چھڑ سکتی تھی ، بھارت میں انتخابات میں فائدہ حاصل کرنے کے لئے پاکستان کے خلاف الزام تراشی کر کے جارحیت کی گئی ، دنیا کے سامنے بھارت کا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت دینے سے ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں کو خطرات لاحق ہیں ، بھارتی معاشرہ تقسیم کا شکار ہے ، ہندوتوا  کی حکومت اقلیتوں پر مظالم ڈھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ  اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں غیر ملکی سفیر اور میڈیا آزادانہ رسائی رکھتے ہیں تاہم بھارت میں غیر ملکی سفیروں اور میڈیا کو مقبوضہ کشمیر کے اندر تک رسائی حاصل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور نوجوانوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آزادی دور نہیں وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں ۔سیمینار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف ،چیئرپرسن پیس اینڈ کلچرل آرگنائزیشن مشال ملک ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر وائے ایف کے انٹرنیشنل کشمیر لابی گروپ احمد قریشی اور ڈائریکٹر جنرل انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد ، ایمبیسڈر اعزاز احمد چوہدری نے بھی خطاب کیا ۔سیمینار میں مختلف ممالک کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔