ملتان، 04 فروری (اے پی پی):ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف ملتان چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے دل پاکستانی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ایک جان اور دو جسم ہیں پاکستان کی تکمیل کشمیر کے بغیر نامکمل ہے وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر کو علاقائی مسئلہ سے بین الاقوامی مسئلہ کے طور پر دنیا میں اجاگر کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحیثیت مہمانِ خصوصی پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان کے تعاون سے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ کشمیر کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ آج 54 سال بعد سلامتی کونسل کے دو اجلاس مسئلہ کشمیر پر ہو رہے ہیں، یورپی پارلیمینٹ سمیت دنیا کی بڑی پارلیمان میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہورہی ہے، بھارت کو ہر محاذ پر سفارتی، سیاسی اور اخلاقی شکست کا سامنا کرنا پڑرہاہے، یہ پاکستان کی اور کشمیریوں کی بڑی کامیابی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ چئیرمین پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی نے کہا کہ کشمیر میں پچھلے 550 روز سے سخت کرفیو کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے، وہ آج بھی بھارت کے 9 لاکھ فوجیوں کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، وہ اپنی آزادی کی جنگ خود لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے کشمیریوں کے ساتھ ہے اور کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا جب تک کہ کشمیریوں کو انکا حق نہی مل جاتا ہم یہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔کشمیری اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ان شاء اللہ اس میں کامیاب ہونگے۔ مفتی عبدالحق مجاہد، پروفیسر عبدالماجد وٹو، حافظ معین خالد اور مارکیٹنگ ہیڈ شمع بناسپتی عمران اعظمی نے کہا کہ کشمیر میں ڈیڑھ سال کے کرفیو سے زندگی اجیرن ہوچکی ہے اب تک ہزاروں کروڑوں کا معاشی نقصان ہوچکا ہے۔