ساہیوال،05 فروری(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے کہا ہے کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی میں پاکستانیوں کی بے پناہ قربانیاں بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر کشمیری جدوجہد کو زندہ رکھا ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ میڈیا کشمیر کی جدوجہد حق ارادیت اور نہتے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی ظلم و ستم کو دنیا کے سامنے موثر انداز سے اجاگر کرے تاکہ سوئے ہوئے عالمی ضمیر کو بیدار کیا جا سکے ۔افواج پاکستان ملک کی سلامتی اور امن کی ضامن ہیں جن کے کردار کو مسخ کرنے کیلئے ہونے والے بھارتی پروپیگنڈے کو سختی سے رد کیا جانا چاہیے ۔
انہوں نے یہ بات تحصیل کونسل ہال میں یوم کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے افراد نے بھر پور شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر بابر بشیر نے کہا پاکستان ہر طرف سے دشمنوں کی زد میں ہے جو کشمیریوں کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت سے روکنے کیلئے اسے کمزورکرنا چاہتے ہیں ،ہماری فوج ہماری طاقت ہے جسے کسی صورت کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ 5 فروری تجدید عہد کا دن ہے جو اس امر کا متقاضی ہے کہ پاکستان کا ہر فرد اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں شانہ بشانہ ان کے ساتھ رہے اور منزل کے حصول تک اخلاقی ،سیاسی اور سماجی مدد جاری رکھے۔تقریب کا آغاز شہداءکی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی سے کیا گیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے جدوجہد آزادی کے مختلف پہلوﺅں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اقوام متحدہ اور عالمی ضمیر سے موثر کردار ادا کرنے کا پرزور مطالبہ کیا تا کہ 75 سال سے ظلم و ستم کا شکار کشمیری عوام آزادی کی فضا میں سانس لے سکیں ۔
تقریب کے موقع پر ساہیوال آرٹس کونسل کی طرف سے مظلوم کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ آخر میں تحصیل کونسل سے ڈی سی چوک تک یک جہتی واک بھی کی گئی جس میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر جدوجہد آزادی کشمیر کی حمایت میں نعرے درج تھے ۔