گھوٹکی : ڈپٹی کمشنر کی  سستے آٹے کے اسٹالز پر آٹا فراہم نہ کرنے والے فلور مل سیل کرنے کی ہدایت

119

گھوٹکی،19فروری(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر  محمد عثمان عبدﷲ کی زیر صدارت  ضلع کے لوگوں کو سستا آٹا فراہم کرنے کے سلسلے میں  اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد شاہ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سمیت ضلع بھر کی فلور ملز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے مختلف شہروں میں سستے آٹے کے اسٹال قائم کرنے کا مقصد عوام کو رلیف دینا ہے تاہم مختلف علاقوں سے شکایات موصول ہوتی رہتی ہیں کہ سستا آٹا من پسند لوگوں کو فراہم کیا جارہا ہے جو کہ ناقابل قبول عمل ہے۔

 ڈپٹی کمشنر نے پانچوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں قائم اسٹالز کی سخت نگرانی کریں اور شفافیت کو یقینی بناکر لوگوں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے اس سلسلے میں وہ خود بھی مختلف اسٹالز کا اچانک دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں گے تاکہ ضلع کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہوسکے۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے فلور ملز کے نمائندوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کی ہدایات کے مطابق ہر ایک فلور مل 10 کلو گرام والے 7 سے 9 سو آٹے کے بیگ ضلعی انتظامیہ کے اسٹالز پر روزانہ فراہم کرے تاکہ آٹے کی کمی نہ ہو اس سلسلے میں احکامات کی خلاف ورزی کرنے والی فلور مل کو سیل کرکے بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

 یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ کے اسٹالز پر عوام کو 40 روپےفی کلو کے حساب سے سستا آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔