ہمیں نظر یہ آرہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ تصادم کی طرف جانا چاہتی ہے :خرم شیرزمان

94

   کراچی,24فروری (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کراچی کے صدر و رکن صوبائی اسمبلی خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ آئی جی نے حکومت سندھ کے ساتھ ملکر صوبہ کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا ہے ، پیپلزپارٹی ایک طرف تو صبح شام ہمیں جمہوریت کا سبق پڑھاتی ہے لیکن دوسری طرف پیپلزپارٹی کی حکومت صوبہ میں اداروں کو تباہ کررہی ہے،پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے ، کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں،ہمیں نظر یہ آرہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ تصادم کی طرف جانا چاہتی ہے،حالات سے مجبور ہوکر تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں قرارد اد جمع کرائی ہے کہ جس میں ہم نے آئی جی سندھ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے دیگر اراکین صوبائی اسمبلی کے ہمراہ بدھ کو سندھ اسمبلی بلڈنگ کے احاطے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ خرم شیرزمان نے کہا کہ صوبہ سندھ کے حالات خراب سے خراب تر ہوتے جارہے ہیں ، پیپلزپارٹی سندھ کی پولیس کو ذاتی کاموں کے لئے استعمال کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس آفسران ان کے احکامات نہیں مانتے تو ان کے تبادلے کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں ہم انٹی کرپشن کے دفتر گئے تھے اور وہاں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اختیارات نہیں ہے اور جوحالات محکمہ انٹی کرپشن کے ہے وہی حالات سندھ پولیس کی بھی ہے ۔صدر پی ٹی آئی کراچی نے کہا کہ ان حالات سے مجبور ہوکر تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں قرارد اد جمع کرائی ہے کہ جس میں ہم نے آئی جی سندھ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے ، آئی جی سندھ مشتاق مہرکو اس امید پر صوبہ سندھ کا آئی جی لگایا گیا تھا کہ حالات بہتر ہوں گے ، اغواءکے کیسز کم ہوں گے ، ڈکیٹیوں اور چوریوں کے واردات کم ہوں گے لیکن آئی جی سندھ ان معاملات کو دیکھنے کی بجائے وہ پیپلزپارٹی کے احکامات ماننے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی نے حکومت سندھ کے ساتھ ملکر صوبہ کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا ہے ، جمہوریت کا نعرے لگانے والے صوبہ سندھ میں مکمل طورپر ناکام ہوگئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کو صر ف اسلئے گرفتارکیا جارہاہے کیونکہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی سندھ حکومت کے نااہلی کو سامنے لارہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو وزیراعظم عمران خان ، تحریک انصاف کی مقبولیت ، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت کی بہتری کی تکلیف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج آئی جی ماتحت آفسران سے کیوں سوال نہیں پوچھ رہے ہیں کہ سیاسی جماعت کے کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمہ کیوں بن رہے ہیں ، چادر چاردیواری کا تقدس کیوں پامال کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا جہاں تحریک انصاف کی حکومت ہے وہاں انتقامی کارروائی کا ایک بھی کیس نہیں ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے گرفتارکارکنوں سے خاندان کے افراد کو ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔