اداروں کو ڈیجیٹلائز کرنے سے عوام کو فائدہ پہنچے گا، یوٹیلٹی سٹورز پر دی جانے والی سبسڈی کو مانیٹر کرنے کے لئے ڈیجیٹیلائزیشن سودمند ہوگی، وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر

113

اسلام آباد۔9مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ اداروں کو ڈیجیٹلائز کرنے سے عوام کو فائدہ پہنچے گا، یوٹیلٹی سٹورز پر دی جانے والی سبسڈی کو مانیٹر کرنے کے لئے ڈیجٹیلائزیشن سودمند ہوگی، یوٹیلٹی سٹورز کی ڈیجیٹلائزیشن ایک دیرینہ ضرورت تھی، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن ایک بڑا ادارہ ہے اور اس کی ڈیجیٹلائزیشن ایک بڑا اور مشکل کام ہے، میں سمجھتا ہوں کہ یوٹیلٹی سٹورز کی ڈیجیٹلائزیشن کا کام آج سے 15، 20 سال پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی سی ایل اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے درمیان معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے باعث دونوں اداروں کے لئے آج بڑا دن ہے، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے 14 ہزار ملازمین اور ملک کے مختلف علاقوں میں تقریباً 4 ہزار سٹورز ہیں، یوٹیلٹی سٹورز کی سالانہ فروخت تقریباً 100 ارب روپے تک ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز کی ڈیجیٹلائزیشن بہت ضروری تھی کیونکہ جب ایک بڑا ادارہ جس کی سیلز 100 ارب روپے سالانہ تک ہوں اور اس ادارہ میں حکومت کی سبسڈی بھی ہو تو عوام بار بار اس حوالے سے سوال پوچھتی ہے کہ اس سبسڈی کو کیسے خرچ کیا جا رہا ہے اور اس میں شفافیت کا طریقہ کار کیا ہے اور کیا واقعی حقدار کو اس کا حق مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر دی جانے والی سبسڈیز کو مانیٹر کرنے اور اس حوالے سے دیگر سب سوالوں کے جواب ہم 40 سے 50 سال پرانے نظام کے تحت شفافیت کے تقاضوں کو پورا نہیں کر سکتے، آج کے دور میں اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے آٹو میشن سسٹم کے ساتھ جڑنا وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے یہی وجہ ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کی ڈیجیٹلائزیشن کا ایک بہترین نظام متعارف کیا جا رہا ہے، جس میں وزارت صنعت و پیداوار، این آر ٹی سی اور پی ٹی سی ایل کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ این آر ٹی سی ہارڈ ویئر پریکیورمنٹ کے لئے کام کرے گا جبکہ پی ٹی سی ایل سارے سٹورز کی آپس میں منسلک کرنے کے لئے کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان تحریک انصاف حکومت میں آئی تو اس وقت یوٹیلٹی سٹورز سالانہ 9سے 10ارب روپے کی فروخت کر رہے تھے جبکہ آج یہ سیلز 100 ارب روپے کے قریب ہے اور  کروڑوں صارفین سالانہ ان یوٹیلٹی سٹورز سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر حکومت کی جانب سے سبسڈیز بھی دی جا رہی ہیں، آٹا 800 روپے فی تھیلا، چینی 65 روپے فی کلو، گھی 175 روپے فی کلو دیا جا رہا ہے جو کہ مارکیٹ سے 60 سے 70 روپے فی کلو کم ریٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے اشیاء کی مانگ بہت زیادہ ہے، ہم آئندہ میٹنگ میں رمضان پیکج بھی رکھیں گے جس میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مزید سبسڈیز بھی دی جائیں گی۔ حماد اظہر نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں یہ ادارہ معاشی نقصانات میں تھا اور اس کے پاس تنخواہیں دینے کے لئے پیسے نہیں تھے، اب یہ ادارہ منافع کما رہا ہے، مجھے امید ہے یہ ادارہ 2021ء میں اپنے خرچے بھی خود اٹھائے گا اور مزید سبسڈیز بھی دینے کے قابل ہو گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ وزارت دفاعی پیداوار ملک میں ڈیجٹیلائزیشن کیلئے کام کررہی ہے،ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر کی بہتری حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی خاص طور پر عوام کو قطاروں میں لگنے سے بچائے گا، پاکستانی شہری اور کاروباری افراد کیلئے خدمات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجٹیلائزیشن کے ذریعے شفافیت کو ممکن بنایا جاسکتا ہے، کئی وزارتوں میں ڈیجٹیلائزئشن کیلئے کام ہورہا ہے۔ ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز عمر لودھی نے کہاکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے 4 ہزار اسٹورز پورے ملک میں موجود ہیں، جن کی ماہانہ سیل 8 سے 9 ارب روپے ہے، عمر لودھی نے کہاکہ این آر ٹی سی اور پی ٹی سی ایل  کے تعاون سے یوٹیلیٹی اسٹورز کی ڈیجیٹلائزیشن کی جارہی ہے۔