اوکاڑہ خواتین کو تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔”صباءاصغرعلی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو”

142

اوکاڑہ9مارچ(اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو صباء اصغر علی نے کہا ہے کہ خواتین کی بھر پور شمولیت کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے خواتین کو باوقار اور ان کا جائز مقام دئیے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا خواتین کو تحفظ اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے خواتین نے دنیا بھر میں مشکل حالات میں بھی بہتری کی جدو جہد میں اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر صنعت زار میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اشتیاق احمد ،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر دیپالپور ابرار احمد،سابق ،معروف سماجی شخصیت مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ۔ رائے محمد عاف ،مینجر صنعت زار ذوالفقار علی ناز، مظہر رشیدصدر سماجی تنظیم ماڈاسمیت خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو صباء اصغر علی نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کو منانے کا مطلب اس شعور و آگاہی کو عام کرنا ہے دین اسلام نے خواتین کو جو عزت و احترام بخشا ہے وہ تمام مذاہب سے ارفع و اعلیٰ ہے نبی کریم ﷺ نے خواتین سے حسن سلوک ،ان کی عزت و احترام،ان کے آرام و سکون کے لئے احکامات دئیے ہیں دین اسلام نے خواتین کو ایک با وقار اور اعلیٰ مقام عطا کیا ہے ۔ بچوں کی تعلیم و تربیت اور انہیں ذمہ دار شہری بنانا ہی خاتون خانہ کا فرض اولین ہے انہوں نے سیاست ،طب سماجیات سمیت تعلیمی میدان اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں یہ احساس ذمہ داری اور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے اس موقع پر صنعت زار کی طالبات نے مختلف سٹالز بھی لگائے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی نے سٹالز کا معائنہ کیا قبل ازیں صنعت زار کی طالبات نےگائیکی  ،شاعری،سلائی کڑھائی،آرٹ،کوکنگ بیکنگ،ایمبراءڈری،ڈومیسٹک ٹیلرنگ،پروفیشنل بیوٹیشن سمیت مختلف مقابلہ جات میں حصہ لیاپوزیشن ہولڈر طالبات میں تعریفی سر ٹیفکیٹس اور انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔