اسلام اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے ،پاکستان مسلمانو ں اور غیر مسلمانوں نے مل کر بنایا ہے : حافظ طاہر محمود اشرفی

99

لاہور،12 مارچ(اے پی پی): وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب و ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ گزشتہ چارماہ کے دوران توہین مذہب کے غلط استعمال کے متعلق ایک بھی کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا، عورت مارچ میں متنازع نعرے اصل تھے یا ایڈٹ کئیے گے فرانزک رپورٹ میں واضح ہوجائے گا،اگر یہ نعرے ایڈٹ کئے گے تو ایسا کرنے والے توہین کے مرتکب ہوئے ہیں،عورت مارچ میں متنازع نعروں کی تحقیقات کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز یہاں کیتھڈرل چرچ میں منعقدہ استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بے گناہ کو پکڑیں گے نہیں اور جرم کرنے والوں کو چھوڑیں گے نہیں،عورت مارچ میں بعض چیزیںنظریہ پاکستان کے خلاف ہوئیں وزارت داخلہ کو اس سلسلے میں خط لکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے ،پاکستان مسلمانو ں اور غیر مسلموں نے مل کر بنایا ہے ،اقلیتوں کوخوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ،اقلیتوں کو نقصان پہچانے والے کے ہاتھوں کو ریاست روکے گی،ہمارا نعرا ایک قوم ایک منزل امن واخوت اور اعتدال پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان غیر مسلم برادری کے تعاون کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، کم عمر بچیوں کی شادی اور جبری مذہب تبدیلی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے، اسلام غیر مسلم بیٹیوں اور بچوں کی بھی عزت و ناموس کا محافظ ہے،بیٹی کسی مسیحی کی ہو یا ہندو کی وہ سب کی بیٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آج امن ہے توہماری فوج اور سیکورٹی کی وجہ سے ہے،پاکستانی عوام اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ،ہماری فوج قوم کی محافظ ہے۔انہوں نے کہاکہ فتوے بازی کرنے والے خود لبرل جماعتوں کے ساتھ کھڑے ہیں،پیپلز پارٹی بھی لبرل پارٹی ہے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بشب آزاد مارشل نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت مسیحیوں نے وطن عزیز کی بقائ،ترقی و استحکام کے لئے ہجرت کرکے آئے مسلمان بھائیوں کی بے لوث خدمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتاہوں کہ ہماری ساری کمیونٹی پاکستان کے استحکام کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی قربانی سے گریز نہیں کرے گی اور یہ امید رکھتے ہیں کہ ریاست ہمیں ملک کے وسیع ترمفاد میں ساتھ لے کرچلے گی۔