آن لائن جرنلزم  کے دور  میں   بھی  کتب، رسائل، جرائد اور اخبارات کی اہمیت کم نہیں ہو سکتی؛ معروف صحافی و دانشور سہیل وڑائچ

251

 

اوکاڑہ،12مار(اےپی پی): معروف صحافی و دانشور سہیل وڑائچ نے  کہا ہے کہ میڈیا کا مستقبل آن لائن جرنلزم سے منسلک ہے لیکن کتب، رسائل، جرائد اور اخبارات کی اہمیت کم نہیں ہو سکتی۔

ان خیالات کا اظہارمعروف صحافی و دانشور سہیل وڑائچ نے اوکاڑہ یونیورسٹی میں شعبہ ابلاغیات کے طلباء کو خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ “لیکچر آف دی ائیر” کے عنوان سےمنعقدہ سیشن کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر زکریا ذاکرنے کی جبکہ اس کا اہتمام شعبہ ابلاغیات کی جانب سے کیا گیا۔

اپنے افتتاحی خطاب میں وائس چانسلر نے اوکاڑہ آمد پہ سہیل وڑائچ کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی انتظامیہ طلباء کی پیشہ وارانہ تربیت اور ان کے اندر عصر حاضر کے تقاضوں سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنے کےلیے یونیورسٹی اور انڈسٹری کے مابین تعلق کو مضبوط کرنے کےلیے کوشاں ہے، انڈسٹری کا تعلق طلباء کی پیشہ وارانہ تربیت کےلیے ضروری ہے۔

اس موقع پرشعبہ ابلاغیات کے سربراہ ڈاکٹر زاہد بلال نے سہیل وڑائچ کے بطور صحافی، مصنف اور دانشور کارناموں پہ روشنی ڈالی اور طلباء کو کہا کہ وہ اپنےان کارناموں سے سیکھ کر اپنے کیرئیر کو جلا بخشیں۔سہیل وڑائچ نے سیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اوکاڑہ جیسے مضافاتی علاقے میں ایک جدید یونیورسٹی کو دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کےلیے وائس چانسلر کی کاوشوں کو سراہا۔

سہیل وڑائچ نے طلباء کے سوالات کے جواب بھی دیے، سیشن کے اختتام پر وائس چانسلر نے مہمان خصوصی کو شیلڈ بھی پیش کی ۔