الحمداللہ پارلیمنٹ میں  حق و سچ کی  فتح ہوئی،پاکستان اور عمران خان کا بیانیہ جیت گیا؛ فردوس عاشق اعوان 

99

اسلام آباد،12مارچ  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ الحمداللہ حق و سچ کی  فتح ہوئی،پاکستان اور عمران خان کا بیانیہ جیت گیا، صادق سنجرانی کی قیادت میں بلوچستان  جیت گیا ، یوسف رضا گیلانی کے ساتھ برادران یوسف ہاتھ کر گئے، لوگوں کو ووٹ مسترد کرنے کے طریقے بتانے والوں کے لئے یہ مکافات عمل ہے جو دوسروں کے لئے کھودے گڑھے میں خود گر گئے، یہ ایک سیٹ پر بغلیں بجا رہے تھے وزیراعظم عمران خان نے پوری سیریز جیت لی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین اراکین پارلیمنٹ کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ کی نشست پر سینیٹر صادق سنجرانی کی کامیابی کے اعلان کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنجرانی کی جیت پر قوم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، اس کامیابی سے بلوچستان کو پاکستان کی قیادت  کا موقع ملا ہے اور وزیراعظم کے اس وژن کو کامیابی ملی ہے جس کے ذریعے انہوں نے چھوٹے اور ماضی کے نظر انداز صوبوں اور علاقوں کو ترقی دینے کا عزم کر رکھا ہے، بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی کی راہیں کھلیں گی۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے لئے قانون سازی کا موقع ملا ہے، دوسری طرف یوسف رضا گیلانی کے ساتھ برادران یوسف ہاتھ کر گئے ہیں، پی ڈی ایم کی صفوں میں انتشار اور صف ماتم ہے ، راج کماری کو یہ بات بہت ناگوار گزری ہوگی لیکن کچھ دیر بعد کنیزوں اور درباریوں کی سسکیاں سنائی دیں گی- انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے نوٹ کے آگے سجدہ ریز ہو تے ہوئے جو ووٹ ضائع کرنے کی تلقین کررہے تھے ان کے ساتھ یہ مکافات عمل ہوا ہے کیونکہ جو کسی کے لئے گڑھا کھودتا ہے وہ خود اس میں گرتا ہے ۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے پوری سیریز ہی جیت لی ہے اور پھر عوام کے دل جیت لئے ہیں- انہوں نے کہا کہ اس ایوان میں پی ٹی آئی تاریخی ریفارمز لائے گی، جو عوام پی ٹی آئی کی طرف دیکھ رہے تھے وہ وعدے پورے ہوں گے،   سینیٹرز نے راہ ہموار کر دی ہے کہ ہم عوامی فلاح و بہبود کے لئے قانون سازی کریں ،انہوں نے کہا کہ ن لیگ کارستانی دکھا گئی اور  سڑکوں پر گھسیٹنے کا جو نعرہ لگایا تھا اس نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں گھسیٹ کر پورا کر دکھایا ہے۔

فردوسِ عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارے اتحادیوں نے اتحادی امیدوار کو کامیاب کرایا اور اتحادیوں نے نوٹوں کو لات ماردی ہے،پی ڈی ایم کے ہواریوں میں صف ماتم بچھ گیا ہے، جمہوریت بہترین انتقام ہے ، جمہوریت نے ان سے بدلا لیا جنہوں نے جمہوریت کا راگ الاپا،  انہوں نے کہا کہ رمضان آرہا ہے اور پی ڈی ایم کو توبہ کا موقع ملنے والا ہے، سینیٹ کی جیت پوری قوم کی جیت ہے ، بلوچستان میں بسنے والے بہن بھائیوں کی جیت ہے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ اب بھی وقت ہے صاف شفاف الیکشن کے لئے آجائیں، یہ آواز آج سریلے نغمے کی طرح ان کے کانوں میں گونج رہی ہو گی۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے اس قوم کی پائی پائی بچائی ہے ، حقیقی صادق اور امین بن کر انہوں نے کام کیا ہے وہ ذاتی کے بجائے عوامی مفاد پر یقین رکھتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ سات ووٹ مسترد کر کے گیلانی سینیٹ میں پہنچے تھے آج ان کے ساتھ ہاتھ ہو گیا ہے۔