انشاء اللہ وزیرعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان فلاحی ریاست بنے گا؛ گورنر پنجاب

24

لاہور، 29مارچ(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ انشاء اللہ وزیرعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان فلاحی ریاست بنے گا،نیاپاکستان ہاؤسنگ میں بلاتفر یق ہر ایک کو اپنا گھر ملے گا، پاکستان میں پہلے کم آمدن والوں کے گھروں کیلئے کسی نے نہیں سوچا۔

ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے  صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کورونا ایس اوپیز پر عمل نہ کر نے والے خود کورونا کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں، ماسک سمیت دیگر حفاظتی اقدامات نہ کرنا اپنی جان سے دشمنی ہے،  کورونا کا شکار ہونا ہے یا اس سے بچنا ہے فیصلہ ہر فرد کے ہاتھ میں ہے۔

گور نر پنجاب نے کہا کہ کورونا گلی محلوں میں پھیل رہا ہے ،بچاؤ صرف احتیاط سے ممکن ہے، بدقسمتی سے ایس اوپیز میں لاپروائی سے کورونا پھربے قابو ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کورونا کا چیلنج صرف پاکستان نہیں پوری دنیا میں ہے۔

 گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور اور میاں محمود الرشید نے عوام سے کورونا ایس اوپیز پر عمل کی اپیل بھی کی۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ پنجاب میں نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم پرتیزی کے ساتھ کام جاری ہے،  نیاپاکستان ہاؤسنگ میں مکمل شفافیات کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ہر پاکستانی کو ایس اوپیز پر عمل کرنا ہوگا۔