ایف پی ایس سی کے تحت بھرتیوں کیلئے 590 آسامیاں بھیجی گئی ہیں، وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان

72

گلگت۔8مارچ  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے چیئرمین ایف پی ایس سی کیساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گلگت  بلتستان کی جانب سے ایف پی ایس سی کے تحت بھرتیوں کیلئے 590 آسامیاں بھیجی گئی ہیں اور بہت جلد مزید آسامیاں بھی ایس پی ایس سی کو بھجوائی جارہی ہے۔ ان آسامیوں میں بھرتیوں کے عمل کو تیز کیا جائے۔ گلگت  بلتستان کی ملازمتوں کو جلد مشتہر کیاجائے۔ کورونا وائرس کے باعث بھرتیوں کا عمل رک گیا تھا جس کی وجہ سے کئی امیدواروں کی ملازمت کیلئے درکار عمر کی حد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ گلگت  بلتستان کیلئے مسابقتی امتحان (Competitive Exam)کے عمل کو تیز کیا جائے۔ ایف پی ایس سی کے تحت نئے آسامیوں میں بھرتیوں سے گلگت  بلتستان کے اہل اور قابل امیدواروں کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور مختلف محکموں میں سٹاف کی کمی دور ہونے میں مدد ملے گی۔ گلگت اور سکردو میں ایف پی ایس سی کے دفاتر کے قیام کیلئے حکومت گلگت  بلتستان زمین فراہم کرے گی جس سے گلگت  بلتستان کے امیدواروں کاٹیسٹ گلگت  بلتستان میں ہی ہوگا اور ایس پی ایس سی سے متعلق مسائل بروقت اپنے ہی صوبے میں حل کرنے میں مدد ملے گی۔ چیئرمین ایف پی ایس سی نے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم آفس کے واضح ہدایات کی روشنی میں گلگت  بلتستان میں ایف پی ایس سی کا سیٹ اپ قائم کیاجائے گا جس کیلئے حکومت گلگت  بلتستان زمین فراہم کرے۔ گلگت  بلتستان کے مشتہر آسامیوں کا انٹرویو ترجیحی بنیادوں پر منعقد کرایا جائے گا اور دیگر آسامیوں کو بھی مئی کے آخر تک مشتہر کئے جائیں گے۔ گلگت  بلتستان کیلئے ملازمتوں کا عمل تیز کرنے پر خصوصی توجہ د ی جائے گی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے بھرتیوں کیلئے بھجوائے جانے والے تمام آسامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر مشتہر کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔